کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف آج دہلی ہائی کورٹ میں سماعت، عآپ کا سڑکوں پر احتجاج جاری

عام آدمی پارٹی کے احتجاج کے احتجاج کے درمیان آج وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوگی۔ کیجریوال نے ای ڈی کی کارروائی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے ان کی گرفتاری غیر قانونی ہے

<div class="paragraphs"><p>عام آدمی پارٹی کا احتجاج / یو این آئی</p></div>

عام آدمی پارٹی کا احتجاج / یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی شراب پالیسی معاملہ میں وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری کے بعد سڑکوں پر احتجاج جاری ہے۔ منگل (26 مارچ) کو عام آدمی پارٹی کے کارکنان وزیر اعظم کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کرنے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا، جس پر دہلی پولیس نے سیکورٹی سخت کرتے ہوئے مظاہرین کو حراست میں لے لیا اور 5 بسوں کے ذریعے مختلف تھانوں میں لے جایا گیا۔ حراست میں لیے گئے عآپ لیڈران میں پنجاب کے وزیر تعلیم ہرجوت بینس، رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی اور دہلی کی ڈپٹی اسپیکر راکھی بڈلان بھی شامل تھیں۔

دوسری جانب بی جے پی کارکنوں نے بھی شدید احتجاج کرتے ہوئے اروند کیجریوال کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ اس دوران دہلی بی جے پی کے سربراہ وریندر سچدیوا سمیت پارٹی کے کئی لیڈروں کو حراست میں لیا گیا۔ وہیں، اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں دائر درخواست کی سماعت آج ہونے جا رہی ہے۔ اروند کیجریوال نے اپنی گرفتاری کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ انہوں نے اپنی گرفتاری کو سپریم کورٹ میں بھی چیلنج کیا تھا لیکن سماعت سے عین قبل درخواست واپس لے لی۔


اروند کیجریوال نے گرفتاری کو چیلنج کرتے ہوئے ہفتہ کو دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا اور فوری سماعت کا مطالبہ کیا۔ لیکن ہولی کی چھٹیوں کی وجہ سے ایسا نہیں ہو سکا۔ کیجریوال نے اپنی درخواست میں دلیل دی کہ ان کی گرفتاری اور تحویل غیر قانونی ہے اور وہ فوری طور پر حراست سے رہا ہونے کے مستحق ہیں۔ درخواست جسٹس سوارن کانتا شرما کی بنچ کے سامنے درج کی گئی ہے۔

کیجریوال، جنہیں 21 مارچ کو گرفتار کیا گیا تھا، کو نچلی عدالت نے 28 مارچ تک ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا تھا۔ اس سے پہلے 21 مارچ کو کیجریوال گرفتاری پر روک لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہائی کورٹ پہنچے تھے۔ ہائی کورٹ کے انکار کے چند گھنٹے بعد ای ڈی کی ٹیم ان کی رہائش گاہ پہنچی اور انہیں گرفتار کر لیا۔ ای ڈی کا کہنا ہے کہ شراب پالیسی معاملے میں مبینہ طور پر بدعنوانی ہوئی ہے اور یہ سب اروند کیجریوال کی پشت پناہی میں ہوا، نیز انہوں نے مبینہ طور پر بدعنوانی کو چھپانے کے لیے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا استعمال کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔