ایچ ڈی دیوگوڑا نے آئندہ لوک سبھا انتخاب نہ لڑنے کا کیا اعلان، بڑھتی عمر کے سبب لیا یہ فیصلہ

سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا نے کہا کہ میں اب 90 سال کا ہو گیا ہوں، لیکن جہاں بھی ضروری ہوگا میں وہاں کا دورہ کروں گا، میرے پاس بولنے کی طاقت ہے اور یادداشت بھی اچھی ہے اس لیے انتخابی تشہیر کروں گا۔

<div class="paragraphs"><p>ایچ ڈی دیو گوڑا، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

ایچ ڈی دیو گوڑا، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

رواں سال لوک سبھا انتخاب ہونے والا ہے اور اس کو لے کر سبھی پارٹیاں پوری طرح سرگرم ہو گئی ہیں۔ قومی اور ریاستی پارٹیاں منصوبہ بندی میں مصروف ہو گئی ہیں اور امیدواروں کے ناموں پر تبادلہ خیال بھی شروع ہو چکا ہے۔ اس درمیان جنتا دل (سیکولر) کی طرف سے ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ سابق وزیر اعظم اور جے ڈی ایس چیف نے آئندہ لوک سبھا انتخاب نہ لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ جنتا دل (سیکولر) کرناٹک میں اپنی اچھی گرفت رکھتی ہے اور آئندہ لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر کافی سرگرم بھی ہے۔ پارٹی نے یہ اعلان بھی کر رکھا ہے کہ آئندہ لوک سبھا انتخاب میں وہ بی جے پی کے ساتھ مل کر میدان میں اترے گی۔ یعنی جنتا دل سیکولر این ڈی اے کا حصہ بنے گی۔ ایسے میں لوک سبھا کی کتنی نشستیں اسے حاصل ہوں گی، اس سلسلے میں ابھی کچھ بھی مصدقہ طور پر نہیں کہا جا سکتا۔ لیکن ایچ ڈی دیوگوڑا کا انتخاب نہ لڑنا جنتا دل سیکولر کے لیے ایک بہت بڑا فیصلہ ہے۔


ایچ ڈی دیوگوڑا نے اپنے بیان میں صاف طور پر کہا ہے کہ وہ اپنی عمر کو دیکھتے ہوئے آئندہ لوک سبھا انتخاب نہیں لڑیں گے۔ حالانکہ وہ انتخاب میں امیدواروں کے لیے تشہیر کرتے ہوئے ضرور نظر آئیں گے۔ سابق وزیر اعظم نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ میں انتخاب نہیں لڑ رہا ہوں۔ میں اب 90 سال کا ہو گیا ہوں۔ ہمیں جو بھی سیٹیں ملیں گی اور جہاں بھی ضروری ہوگا، میں وہاں جاؤں گا۔ میرے پاس بولنے کی طاقت ہے اور یادداشت بھی مضبوط ہے۔ اس کے ساتھ میں انتخابی تشہیر کروں گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔