دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کو معطل کرنے کا مطالبہ کرنے والی عرضی خارج

چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس سبرمنیم پرساد کی بنچ نے عرضی کو زبانی طور پر یہ کہتے ہوئے خارج کر دیا کہ عدالت قانون، اصولوں اور نوٹیفکیشنز سے بالاتر ہو کر حکم صادر نہیں کر سکتی۔

کورٹ میں پیشی کے لئے جاتے ہوئے ستیندر جین / ویپن
کورٹ میں پیشی کے لئے جاتے ہوئے ستیندر جین / ویپن
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی ہائی کوڑٹ نے جمعرات کے روز دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کو مبینہ غیر قانون لین دین کے معاملہ میں 31 مئی سے ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) کی حراست میں رہنے کی بنیاد پر معطل کرنے کا مطالبہ کرنے والی عرضی کو خارج کر دیا۔ چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس سبرمنیم پرساد کی بنچ نے دہلی بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر ڈاکٹر نند کشور گرگ کی جانب سے دائر کی گئی عرضی کو زبانی طور پر یہ کہتے ہوئے خارج کر دیا کہ عدالت قانون، اصولوں اور نوٹیفکیشنز سے بالاتر ہو کر حکم صادر نہیں کر سکتی۔

عرضی گزار نے ان وزرا کے استعفی یا معطلی کے لئے رہنما ہدایات جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جنہیں مرکزی سول سروس 1995 کے اصول 10 کے مطابق سول افسر کے تعلق سے اختیار کی جا رہی رسم کے مطابق 48 گھنٹے کی مقررہ مدت کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔


عرضی میں کہا گیا کہ ’’حراست میں وزرا کے لئے خصوصی سہولیات آئین ہند کی دفعہ 14 اور آئینی بنچ کے فیصلے سمیت کئی عدالتی اعلانات پر حملہ کرتا ہے، جہاں سپریم کورٹ نے واضح طور پر اس بات پر زور دیا ہے کہ وزیر اعظم یا وزیر اعلیٰ کے پاس قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کی بڑی طاقت ہے اور مجرمانہ پس منظر والے شخص کو عوامی مفاد میں وزیر نہیں بنایا جانا چاہئے۔‘‘

خیال رہے کہ 27 جون کو سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے مبینہ غیر قانونی لین دین کے معاملہ میں گرفتار شدہ دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کی عدالتی تحویل میں 14 دن کی توسیع کر دی تھی۔ سی بی آئی نے ستیندر جین، ان کی اہلیہ اور دیگر افراد پر انسداد بدعنوانی کے تحت جرم کرنے کا الزام عائد کیا۔ پھر 31 مارچ کو ای ڈی نے غیر مستقل طور پر وزیر کے مالکانہ حقوق والی کمپنیوں سے متعلق 4.81 کروڑ روپے کی غیر منقولہ املاک کو قرق کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔