ہریانہ یوتھ کانگریس نے کیا وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کا گھیراؤ، روکنے کے لیے پولیس کا طاقت کا استعمال
یوتھ کانگریس کے قومی صدرادے بھانو چِب نے کہا کہ مینڈیٹ چھیننے اور رائے عامہ کو نظرانداز کرنے والوں کو نوجوان طاقت کا واضح پیغام ہے’اب حساب ہوگا‘۔ ہریانہ میں ووٹ چوری کی سیاست زیادہ دن نہیں چلے گی۔

پارلیمنٹ میں انتخابی اصلاحات پر بحث کے دوران ’ووٹ چوری‘ کے خلاف کانگریس پارٹی کی جانب سے جاری احتجاج میں شدت آگئی ہے۔ اس تناظر میں انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چِب کی قیادت میں ہریانہ یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے آج ہریانہ کے کروکشیتر میں ریاست کے وزیراعلیٰ نائب سنگھ سینی کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی۔ یہ احتجاج مبینہ طور پر ووٹ چوری اور مینڈیٹ کو نظر انداز کرنے کے خلاف منعقد کیا گیا تھا۔
جیسے ہی احتجاج شروع ہوا بڑی تعداد میں یوتھ کانگریس کے کارکنوں ’ووٹ چوری بند کرو‘ اور ’جمہوریت بچاؤ‘ جیسے نعرے لگاتے ہوئے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کی طرف مارچ کرنے لگے۔ یوتھ کانگریس کے صدر ادے بھانو چب نے احتجاج کے دوران کہا کہ جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوششیں اب صاف نظرآرہی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس جمہوری اقدار کو پامال کرکے اقتدار پر قابض رہنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن نوجوان طاقت اب فیصلہ کن لڑائی کے لیے سڑکوں پر اتر آئی ہے۔
انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدرادے بھانو چِب نے کہا کہ مینڈیٹ چھیننے والوں کو نوجوان طاقت کا واضح پیغام ہے’اب حساب ہوگا‘۔ ہریانہ میں ووٹ چوری کی سیاست زیادہ دن نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کا گھیراؤ محض احتجاج نہیں بلکہ عوامی تحریک کا آغاز ہے۔ ان کے مطابق رائے عامہ کو نظر انداز کر کے بنائی گئی حکومت کو اب عوام کے حقیقی غصے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وہیں اس زبردست احتجاج کے پیش نظر ہریانہ پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کیے تھے۔ پولیس نے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کی طرف جانے وال راستے پر بھاری رکاوٹیں کھڑی کیں اور مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ حالانکہ نوجوانوں نے رکاوٹوں کو عبور کرکے آگے بڑھنا جاری رکھا جس سے پولیس کے ہاتھ پاؤں پھول گئے۔ اس دوران صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کیا۔
پانی کی تیز دھاروں کے باوجود مظاہرین آگے بڑھنے کی کوشش کرتے رہے تاہم پولیس نے انہیں روک لیا۔ اس سے جائے وقوعہ پر کشیدگی بڑھ گئی تاہم صورتحال قابو میں رہی۔ پولیس افسران کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے ۔
یوتھ کانگریس کے اس احتجاج نے ہریانہ کی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔ اس سلسلے میں تنظیم کے قومی صدر ادے بھانو چب کا کہنا ہے کہ یہ تحریک صرف شروعات ہے اور اگر حکومت ووٹ چوری کے الزامات کا جواب نہیں دیتی ہے تو تحریک کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ دوسری جانب حکومت نے ان الزامات کو سیاسی ڈرامہ بتایا ہے۔ ووٹ چوری کے معاملے پر ہونے والے اس احتجاج سے آنے والے دنوں میں ریاست کی سیاست میں مزید گرمی پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔