ہریانہ: 5000 پولیس اہلکاروں کی 14 گاؤں میں چھاپہ ماری، 24 گھنٹے کی مہم میں 125 سائبر جرائم پیشے گرفتار

سائبر ٹھگوں پر یہ کارروائی پولیس کی مختلف ضلعوں میں تشکیل دی گئی 102 ریڈنگ ٹیموں کے ذریعہ کی گئی، پولیس کی الگ الگ ٹیموں نے ایک ساتھ 14 نشان زد گاؤں میں چھاپہ ماری کی کارروائی کو انجام دیا۔

سائبر کرائم / آئی اے این ایس
سائبر کرائم / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

سائبر کرائم کے معاملے دن بہ دن بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔ ہریانہ میں بھی دھوکہ دہی کے کئی معاملات سامنے آ چکے ہیں۔ اس پر لگام لگانے کی کوششوں کے تحت ہریانہ کے نوح ضلع میں ہریانہ پولیس نے ایک بڑی مہم چلا کر زبردست کارروائی کی ہے۔ اس مہم میں 5000 سے زیادہ پولیس اہلکاروں اور افسران کی الگ الگ ٹیموں نے جمعرات کی دیر شب ایک ساتھ نوح ضلع کے 14 گاؤں میں 300 مقامات پر چھاپہ ماری کی جو کہ تقریباً 24 گھنٹے تک چلی۔ اس چھاپہ ماری کے دوران 125 ہیکر اور سائبر جرائم پیشوں کو گرفتار کیا گیا۔

ڈی آئی جی ایس ٹی ایف سمردیپ سنگھ نے اس کارروائی کے بارے میں جمعہ کے روز تفصیلی جانکاری دی۔ انھوں نے بتایا کہ ہریانہ ڈی جی پی پرشانت کمار اگروال کی ہدایت پر پولیس نے سائبر کرائم میں ملوث جرائم پیشوں کے خلاف یہ مہم چلائی گئی۔ ایس پی نوح ورون سنگلا نے وسیع کارروائی کرتے ہوئے اس پورے آپریشن کو کامیاب بنانے میں اہم کردار نبھایا۔ انھوں نے بتایا کہ چھاپہ ماری میں گرفتار کیے گئے جرائم پیشوں سے الگ الگ بینک کے اے ٹی ایم، اسمارٹ فون، لیپ ٹاپ، آدھار کارڈ اور اے ٹی ایم سویپ مشین کے ساتھ ہی دیگر سامان برآمد کیے گئے ہیں۔ ان مشتبہ لوگوں سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔


سمردیپ سنگھ نے بتایا کہ گزشتہ کچھ دنوں میں پولیس کو نوح ضلع کے الگ الگ علاقوں میں سائبر دھوکہ دہی سے متعلق کچھ خفیہ جانکاریاں ملی تھیں۔ ایک کمرے میں بیٹھے بیٹھے کچھ لوگ دوسروں کے بینک اکاؤنٹس کو خالی کر دیا کرتے تھے۔ موصولہ اطلاعات کی بنیاد پر سائبر کرائم کے ہاٹ اسپاٹ ایریا کو نشان زد کر ان ٹھکانوں پر کثیر پولیس فورس کے ساتھ ایک ساتھ چھاپہ ماری کی گئی۔ اس کارروائی کو انجام دینے کے لیے ہریانہ پولیس نے 5000 سے زیادہ پولیس اہلکاروں کی الگ الگ ٹیمیں تشکیل دیں۔ ان ٹیموں میں ایک ایس پی، 6 ایڈیشنل ایس پی، 14 ڈی ایس پی سمیت دیگر پولیس اہلکاروں نے سائبر کرائم کے خلاف مہم شروع کی۔

بتایا جاتا ہے کہ سائبر ٹھگوں پر یہ کارروائی پولیس کی مختلف ضلعوں میں تشکیل دی گئی 102 ریڈنگ ٹیموں کے ذریعہ کی گئی۔ پولیس کی الگ الگ ٹیموں نے ایک ساتھ پنہانا، پننگوا، فیروزپور جھرکہ، بچھور ایریا کے 14 نشان زد گاؤں میں چھاپہ ماری کی کارروائی کو انجام دیا۔ جمعرات کی شب 11.30 بجے اس مہم کی شروعات ہوئی تھی جس کے تحت کارروائی صبح تک چلی۔ پولیس فورس کی بریفنگ سے لے کر مختلف اہداف پر تلاشی مہم تک اس آپریشن کی تکمیل میں تقریباً 24 گھنٹے لگے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔