کانگریس میں شامل ہوئے ہرک سنگھ راوت، پرانی غلطی کے لیے معافی بھی مانگی

کانگریس میں شامل ہونے کے بعد ہرک سنگھ راوت نے کہا کہ ’’اس سے بڑی معافی کیا ہوگی کہ ریاست میں 10 مارچ کو مکمل اکثریت کے ساتھ کانگریس حکومت بنے گی تو مجھے لگے گا کہ میں نے معافی مانگ لی۔‘‘

ہرک سنگھ راوت، تصویر آئی اے این ایس
ہرک سنگھ راوت، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتراکھنڈ میں سیاسی گہما گہمی کے دوران بی جے پی سے الگ ہونے والے ہرک سنگھ راوت نے کانگریس کا دامن تھام لیا ہے۔ اتراکھنڈ اسمبلی انتخاب سے ٹھیک پہلے راوت نے کانگریس کی رکنیت اختیار کرتے ہوئے اپنی پرانی غلطی کے لیے معافی بھی مانگی۔ دراصل ہرک سنگھ راوت پہلے کانگریس میں ہی تھے، لیکن پارٹی کے ساتھ دغا کرتے ہوئے حکومت گرانے میں اہم کردار نبھایا اور بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی۔ یہی وجہ ہے کہ ہرک سنگھ راوت کے دوبارہ کانگریس میں شامل کیے جانے کو لے کر کئی طرح کے خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے۔ لیکن 21 جنوری کو وہ ایک بار پھر کانگریس کا حصہ بن گئے۔

کانگریس میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’اس سے بڑی معافی کیا ہو سکتی ہے کہ ریاست میں 10 مارچ کو مکمل اکثریت کے ساتھ کانگریس کی حکومت بنے گی تو مجھے لگے گا کہ میں نے معافی مانگ لی۔ اُس دن مجھے سب سے زیادہ خوشی ہوگی۔‘‘ بی جے پی سے رشتہ ٹوٹنے پر ہرک سنگھ راوت نے کہا ’’امت شاہ نے کہا تھا کہ دوستی نہیں ٹوٹنی چاہیے۔ میں نے آخری وقت تک دوستی نہیں تھوڑی۔‘‘ واضح رہے کہ بی جے پی نے ہرک سنگھ راوت کو 6 سال کے لیے پارٹی سے نکال دیا تھا۔


بی جے پی سے نکالے جنے کے بعد سے ہی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں کہ وہ کبھی بھی کانگریس میں شامل ہو سکتے ہیں۔ حالانکہ کانگریس کے سرکردہ لیڈر ہریش راوت کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ہرک سنگھ کی پرانی غلطی سے بہت ناراض تھے۔ لیکن ہرک سنگھ راوت نے کچھ دنوں پہلے یہ بھی کہا تھا کہ وہ ہریش راوت سے 100 بار بھی معافی مانگنے کے لیے تیار ہیں۔ بہرحال، آج کانگریس میں شامل ہونے کے بعد ہرک سنگھ راوت نے کہا کہ 10 مارچ کو جب نتیجے آئیں گے تو بی جے پی اقتدار سے باہر ہوگی اور کنگریس 40 سیٹوں کے ساتھ حکومت تشکیل دے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔