ہلدوانی ریلوے تجاوزات تنازعہ: آر پی ایف اور پی اے سی کی کمپنیاں طلب، اودھم سنگھ نگر میں جیل بنانے کا منصوبہ

شمال مشرقی ریلوے نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 دن کے اندر جگہ خالی کر دیں ورنہ جبراً تجاوزات کو ہٹایا جائے گا، اس دوران گرفتاری کی نوبت آئی تو اودھم سنگھ نگر میں جیل بنانے کا منصوبہ ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

اتراکھنڈ کے ہلدوانی واقع بنبھول پورہ اور غفور بستی میں ریلوے کی تقریباً 70 ایکڑ زمین سے کم و بیش 4 ہزار ناجائز گھروں کو ہٹانے کے لیے ریلوے، پولیس اور انتظامیہ نے کمر کس لی ہے۔ اس کے لیے آر پی ایف اور پی اے سی کی کمپنیاں بھی طلب کر لی گئی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ تجاوزات ہٹانے کے لیے مبینہ طور پر قبضہ کرنے والوں کو ریلوے پہلے ہی نوٹس جاری کر چکا ہے۔ شمال مشرقی ریلوے نے نوٹس میں کہا ہے کہ 7 دن کے اندر جگہ خالی کر دیں، ورنہ جبراً تجاوزات ہٹایا جائے گا۔ اس پر آنے والے اخراجات کو قبضہ داروں سے وصول کیا جائے گا۔ یہ نوٹس 31 دسمبر 2022 کو ہی جاری کیا گیا تھا، یعنی 7 جنوری تک لوگوں کو گھر خالی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تجاوزات ہٹانے کے دوران اگر کسی کی گرفتاری کی نوبت آئی تو اس کے لیے اودھم سنگھ نگر میں جیل بنانے کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔

نوٹس جاری ہونے سے ایک دن پہلے ریلوے کی ٹیم نے پولیس و انتظامیہ کی موجودگی میں بنبھول پورہ کے تجاوزات والے علاقہ کی ڈرون میپنگ کرنے پہنچی تھی۔ سٹی مجسٹریٹ رچا سنگھ نے بتایا کہ دو گھنٹے تک ڈرون سے کام کیا گیا، جس کے بعد ریلوے نے اپنی اراضی سے جڑے سبھی حصوں کی میپنگ مکمل کر لی۔ ڈرون کے ذریعہ سے عمارتوں کی پوری تصویر اور ویڈیوگرافی ہو چکی ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ اتراکھنڈ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد بنبھول پورہ سے ناجائز تعمیرات کو ہٹانے کی تیاری شروع کی گئی ہے۔


واضح رہے کہ ضلع مجسٹریٹ نے 29 دسمبر کو بین الاقوامی اسٹیڈیم کا جائزہ لیا تھا۔ اس دوران انھوں نے میونسپل کارپوریشن کو صفائی کرنے، آبی ادارہ کو اسٹیڈیم میں پانی چلانے اور عوامی محکمہ تعمیرات کو جنریٹر، بیت الخلاء، غسل خانہ اور باورچی خانہ بنانے کی ہدایت دی تھی۔ منی اسٹیڈیم ہلدوانی میں بھی پانی، بیت الخلاء، غسل خانہ بنانے کی ہدایت دی تھی۔ اُدھر عوامی محکمہ تعمیرات نے باورچی خانہ اور بیت الخلاء بنانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ آبی ادارہ نے بین الاقوامی اسٹیڈیم میں پانی کا انتظام بھی کر دیا ہے۔ منی اسٹیڈیم میں بھی غسل خانہ بنائے جا رہے ہیں۔

اس درمیان ہلدوانی تجاوزات کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے۔ معاملے کی سماعت 5 جنوری 2023 کو ہوگی۔ اب تقریباً 50 ہزار لوگوں کی نظریں سپریم کورٹ کے فیصلے پر مرکوز ہیں۔ دراصل پیر کے روز سپریم کورٹ میں ہلدوانی کے شرافت خان سمیت 11 لوگوں کی عرضی سینئر وکیل سلمان خورشید کی طرف سے داخل کی گئی۔ اس عرضی پر سپریم کورٹ نے جمعرات یعنی 5 جنوری 2023 کو سماعت کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */