کشمیر: حج انتظامات کو حتمی شکل دی گئی، تقریباً 11.5 ہزار عازمین سفر حج پر جائیں گے

گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے افسروں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران اس سال کے سفر حج کے انتظامات کو حتمی شکل دی۔ انہوں نے عازمین حج کے لئے ہر طرح کے انتظامات مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے ہفتہ کے روز یہاں پولس اور سول انتظامیہ کے افسروں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران اس سال کے سفر حج کے انتظامات کو حتمی شکل دی۔ انہوں نے عازمین حج کے لئے ہر طرح کے انتظامات مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری مال شاہد عنایت اللہ، صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما، ڈی آئی جی سینٹرل کشمیر رینج وی کے بردی، ایڈیشنل کمشنر کشمیر تصدق حسین میر، سی ای او حج کمیٹی عبدالسلام میر، آر ٹی او کشمیر اکرم اللہ ٹاک، ایم ڈی ، جے کے ایس آر ٹی سی بلال احمد بٹ، ایس ایس پی سری نگر ڈاکٹر حسیب مغل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اطلاعات محمد اسلم خان کے علاوہ مختلف محکموں کے کئی دیگر افسران بھی موجودتھے۔


کمشنر سیکرٹری مال نے میٹنگ میں جانکاری دی کہ عازمین حج کے لئے ہر طرح کے انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔ سی ای او سٹیٹ حج کمیٹی نے جانکاری دی کہ اس سال ریاست سے کُل 11527 عازمین حج سفر محمود کے لئے روانہ ہورہے ہیں جن میں جموں کے1351 اور لداخ صوبے کے107 عازمین شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان میں سے 10759 سری نگر جبکہ 768 عازمین سفر محمود کے لئے نئی دہلی سے روانہ ہوں گے۔

اس موقع پر مزید بتایا گیا کہ 49 خادم الحجاج عازمین کی سہولیت کے لئے اُن کے ساتھ روانہ ہوں گے۔ سی ای او نے کہا کہ حج ہائوس سری نگر میں 250 عازمین کے لئے قیام و طعال کی سہولیات میسر رکھی گئی ہیں۔ ڈویثرنل کمشنر جموں نے کہا کہ جموں صوبے کے تمام اضلاع سے عازمین کو سری نگر پہنچانے کے لئے ٹرانسپورٹ کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں آج سے عازمین کے لئے ٹیکی کاری کا پروگرام شروع ہوا ہے جو اگلے تین روز کے اندر مکمل کیا جائے گا۔


خورشید احمد گنائی کو جانکاری دی گئی کہ سری نگر سے 4 جولائی کو پروازوں کا سلسلہ شروع ہوگا اور یہ عمل 29 جولائی 2019 تک جاری رہے گا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ پہلے17 دن ہر روز دو دو پروازیں روانہ ہوں گی جبکہ باقی ماندہ دنوں میں ہر روز چار چار پروازیں اڑان بھریں گی۔

خورشید گنائی نے افسروں سے کہا کہ وہ بزرگ عازمین کی نرم دلی کے ساتھ رہنمائی کریں اور انہیں ہر طرح کی جانکاری دستیاب رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ عازمین میں بیداری پیدا کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کو استعمال کیا جانا چاہئے۔


مشیر موصوف نے کہا کہ عازمین کی سہولت کے لئے صحت سے متعلق احتیاطی تدابیر کو شائع کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ماہرین طب کی مشاورت حاصل کر کے ان تدابیر کو مقامی میڈیا کے ذریعے متعلقین تک پہنچایا جانا چاہئے۔ انہوں نے پولس اور سول انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ کام کر کے عازمین کو ہرطرح کی سہولیات بہم پہنچائیں تا کہ انہیں کسی قسم کی دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔