حج 2024: دوسری قسط جمع کرانے کی تاریخ میں 28 مارچ تک توسیع

حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2024 کے لیے دوسری قسط جمع کرانے کی آخری تاریخ میں چوتھی بار توسیع کر دی ہے، جو اب 28 مارچ تک ہوگی۔ عازمین سے کہا گیا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک 170000 روپے جمع کرائیں

<div class="paragraphs"><p>عازمیں حج کی فائل تصویر</p></div>

عازمیں حج کی فائل تصویر

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: عازمین کے لیے حج اخراجات کی دوسری قسط مبلغ 170000 جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 28 مارچ 2024 تک توسیع کر دی گئی ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے دوسری قسط ادا کرنے کی تاریخ میں اس سے پہلے چار مرتبہ توسیع کی جا چکی ہے اور ایک بیان کے مطابق اس میں توسیع کی مزید کوئی گنجائش نہیں ہے۔

حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او ڈاکٹر لیاقت علی آفاقی آئی آر ایس نے بتایا کہ حج اخراجات کی دوسری قسط جمع کرانے کی آخری تاریخ پہلے 10 مارچ مقرر کی گئی تھی جس میں ریاستی حج کمیٹیوں اور حج سے وابستہ سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں کے مطالبہ پر 15 مارچ پھر 18 مارچ تک اور اب آخری موقع دیتے ہوئے چوتھی بار 28 مارچ تک توسیع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری قسط جمع کرانے کی تاریخ میں اس کے بعد توسیع کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔


ڈاکٹر آفاقی نے مزید بتایا اب تک 4886 عازمین نے دوسری قسط مبلغ 170000 جمع نہیں کرائی ہے، ان سے گزارش ہے کہ وہ معینہ تاریخ 28 مارچ تک دوسری قسط حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ https://hajcommittee.gov پر بتائے طریقے پر آن لائن یا آف لائن حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عازمین جو 28 مارچ تک دوسری قسط جمع کرانے میں ناکام رہتے ہیں، ان کا عارضی انتخاب منسوخ کر دیا جائے گا۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔