گیان واپی سروے: آج بھی نہیں آیا عدالت کا فیصلہ، کورٹ کمشنر معاملہ پر بھی حکم کا انتظار

ہندو فریق کا کہنا ہے کہ مسجد کے اندر کافی لوگ موجود تھے جنھوں نے سروے کو ٹھیک سے نہیں ہونے دیا، دوسری طرف مسلم فریق نے کہا کہ سروے کے نام پر مسجد کی دیواروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہو رہی تھی۔

گیان واپی، تصویر آئی اے این ایس
گیان واپی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

گیان واپی مسجد سروے معاملے پر آج بھی عدالت کا فیصلہ نہیں آ سکا اور سروے کے لیے نئی تاریخ کا اعلان ممکن ہے کہ بدھ کے روز ہو۔ 10 مئی کوعدالت میں ہوئی سماعت کے دوران دونوں فریقین نے اپنی اپنی دلیلیں پیش کیں اور پھر عدالت نے اس معاملے میں 11 مئی کو بھی سماعت کیے جانے کی بات کہی۔ لوگ امید کر رہے تھے کہ عدالت آج ہی اس سلسلے میں کوئی فیصلہ سنا سکتا ہے، لیکن اب دیکھنے والی بات ہوگی کہ عدالت کا رخ 11 مئی کو کیا رہتا ہے۔

واضح رہے کہ گیان واپی مسجد میں سروے کو لے کر گھمسان مچا ہوا ہے۔ ہندو اور مسلم فریق آمنے سامنے آ گئے ہیں۔ مسجد میں سروے کے لیے دو دن ٹیم پہنچی، لیکن سروے نہیں ہو پایا۔ ہندو فریق کا کہنا ہے کہ مسجد کے اندر کافی لوگ موجود تھے جنھوں نے سروے کو ٹھیک سے نہیں ہونے دیا۔ دوسری طرف مسلم فریق نے کہا کہ سروے کے نام پر مسجد کی دیواروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ اب معاملہ عدالت میں ہے جس پر فیصلے کا انتظار ہے۔ عدالت کے حکم کے بعد ہی آگے سروے کیا جا سکے گا۔


قابل ذکر ہے کہ اس معاملے میں مسلم فریق نے کورٹ کمشنر کو بدلنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ کے لیے ایک سینئر وکیل کو مقرر کیا جانا چاہیے اور موجودہ کورٹ کمشنر کو بدلنا چاہیے۔ اس معاملے پر بھی عدالت نے اب تک کوئی فیصلہ نہیں دیا ہے۔ مسلم فریق اس تعلق سے فیصلے کا انتظار کر رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کورٹ کمشنر کو لے کر کورٹ کبھی بھی حکم جاری کر سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */