’2027 میں بدلے گی گجرات کی حکومت‘ احمدآباد میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے اروند کیجریوال کا بیان
کیجریوال نے کہا کہ ’’ہندی میں ایک کہاوت ہے ’وناش کالے وِپرت بدھی‘ اس کا مطلب ہے کہ جب انسان کا زوال آتا ہے تو بھگوان سب سے پہلے اس کی عقل خراب کرتا ہے۔ بی جے پی کا بھی گجرات میں یہی حال ہو رہا ہے۔‘‘

احمدآباد میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے کنویز اروند کیجروال نے کہا کہ ’’گجرات کے لوگ اس بار تبدیلی کے لیے مکمل طور سے تیار ہیں۔‘‘ بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ ’’ہندی میں ایک کہاوت ہے ’وناش کالے وِپرت بدھی‘ اس کا مطلب ہے کہ جب انسان کا زوال آتا ہے تو بھگوان سب سے پہلے اس کی عقل خراب کرتا ہے۔ بی جے پی کا بھی گجرات میں یہی حال ہو رہا ہے۔‘‘
اروند کیجریوال نے کہا کہ ’’30 سال کے بعد اب بی جے پی کی حکومت ہلنے لگی ہے۔ ان کے جانے کا وقت اب آ گیا ہے اور بھگوان نے ان کی عقل کو خراب کرنا شروع کر دیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بی جے پی ان کی اس میٹنگ کو روکنے کی مکمل کوشش کی۔ نکول میں ہونے والی میٹنگ کو روک دیا، وہاں اسٹیج توڑ دیا، کرسیاں توڑ دی گئیں۔ اجازت نہیں دی گئی۔ کیجریوال کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’بی جے پی کو لگا تھا کہ عام آدمی پارٹی کی میٹنگ نہیں ہو پائے گی۔ لیکن بی جے پی کی تمام تر کوششوں کے باوجود یہ میٹنگ ہو رہی ہے اور بڑی تعداد میں لوگ آئے ہیں، اس کے لیے تمام کو سلام ہے۔‘‘
کیجریوال نے کہا کہ 2 روز قبل ان لوگوں نے عام آدمی پارٹی لیڈر گوپال اٹالیہ کے اوپر کسی سے جوتا پھینکوا دیا۔ ان کی قسمت خراب ہے، جس نے جوتا پھینکا تھا اس نے ویڈیو بنا کر جاری کر دی اور بتایا کہ اسے بی جے پی کے ایک لیڈر نے اس کے لیے 50 ہزار وپے دیے تھے اور شراب پلائی تھی اس لیے میں نے جوتا پھینکا۔ ان کی پول کھل گئی۔
دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ بی جے پی ہمارے لیڈران پر جوتے پھینکواتی ہے، ہمارے جلسوں کو منسوخ کراتی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ گزشہ 3 ماہ سے پارٹی کے کارکنان اور لیڈران کو جیل میں ڈالا ہوا ہے، آخر ان کا کیا قصور ہے وہ 3 ماہ سے کیوں جیل میں ہیں، کیونکہ انہوں نے کسانوں کے اوپر ہو رہی ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔ وہ ٹوٹے نہیں، جھکے نہیں اس لیے انہیں جیل میں ڈال دیا۔ کیجریوال کے مطابق بی جے پی نے 30 سالوں کے اندر گجرات کو کھوکھلا کر دیا۔ بی جے پی نے گجرات کو لوٹ لیا، آج یہاں کسان پریشان ہیں، اسکول سے لے کر اسپتال تک کو خراب کر دیا۔ یہاں کے تاجر بھی ناخوش ہیں، نوجوان نوکری کا مطالبہ کرتے ہیں تو انہیں نقلی شراب پلاتے ہیں، انہیں نشہ فروخت کیا جاتا ہے۔ اب لوگ بی جے پی کو بھگانے کی بات کر رہے ہیں۔
کیجریوال نے کہا کہ اگر گزشتہ 30 سالوں میں بی جے پی نے گجرات کو خوشحال بنایا ہوتا تو آج عام آدمی پارٹی کے اجلاس میں ایک بھی آدمی نہیں آتا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے 30 سال تک بدعنوانی اور خوف کی بنیاد پر حکومت چلائی ہے۔ پنچایت سے لے کر بلدیات تک چاروں طرف بدعنوانی عروج پر ہے اور اگر کوئی اس کے خلاف آواز اٹھائے تو اسے جیل میں ڈال دیتے ہیں۔
کیجریوال نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’اب خوف کو دور کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ اگر لوگ ڈرتے رہے تو بی جے پی سب کچھ برباد کر دے گی۔ بچوں کو نشے میں ڈال دے گی، انہیں نوکری کرنے لائق نہیں چھوڑے گی۔ یہ لوگ جیل کا ڈر دکھاتے ہیں۔ جیل جانے سے ڈرنا نہیں ہے۔ جیل میں ہی ڈالیں گے پھانسی نہیں دیں گے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’2027 میں حکومت بدلنے والی ہے۔ یہ تمام بی جے پی والے جیل میں جائیں گے۔‘‘