شادی کے دوسرے دن دولہے کی موت، حلوائی اور رشتہ دار سمیت 100 افراد کورونا پازیٹو

دولہے کی موت کورونا انفیکشن سے ہونے کا اندیشہ ظاہر کیے جانے کے بعد شادی کی تقریب میں شامل بیشتر لوگوں کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا جن میں سے تقریباً 100 لوگ پازیٹو پائے گئے ہیں۔

کورونا وائرس
کورونا وائرس
user

قومی آوازبیورو

کورونا انفیکشن کی تباہی نے سبھی کو پریشان کر رکھا ہے۔ نہ ہی عبادات کے لیے حالات سازگار ہیں، اور نہ ہی کسی تقریب کا انعقاد خوشگوار ماحول میں ہو پا رہا ہے۔ مختلف طرح کی پابندیوں کے درمیان شادی بیاہ کی کچھ تقریبات ہو بھی رہی ہیں، تو لوگوں میں ایک خوف کا عالم دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ایک ایسی ہی شادی کی تقریب گزشتہ دنوں بہار کے پالی گنج میں منعقد ہوئی، لیکن شادی کے دو دن بعد ہی دولہے کا انتقال ہو گیا۔ کورونا وبا کو دیکھتے ہوئے جب تقریب میں شریک ہونے والے 364 لوگوں کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تو تقریباً 100 لوگ پازیٹو پائے گئے ہیں جس سے لوگوں میں ایک دہشت کا عالم پیدا ہو گیا ہے۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ شادی میں پہنچنے والا حلوائی بھی کورونا پازیٹو پایا گیا ہے۔

معاملہ نرکھپور پالی پنچایت علاقہ کا ہے جہاں وارڈ نمبر 2 باشندہ کے 28 سالہ بیٹا کی شادی 15 جون کو طے تھی۔ لڑکا گڑگاؤں میں انجینئر تھا اور شادی کے مقصد سے 23 مئی کو گاؤں پہنچا۔ اس دوران اس کا تلک 8 جون کو ہوا اور بارات 15 جون کو نوبت پور کے پیپلاواں گاؤں میں پہنچی تھی۔ کچھ ہندی نیوز پورٹل پر شائع خبروں میں بتایا گیا ہے کہ شادی کے دوران ہی لڑکے کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔ کسی طرح علاج کرا کر اس کی شادی کرائی گئی۔ لیکن پھر 17 جون کو اس کی طبیعت زیادہ بگڑ گئی۔ گھر والے اسے لے کر پالی گنج میں پرائیویٹ اسپتال پہنچے۔ ضروری علاج کے بعد ڈاکٹروں نے اسے پٹنہ ریفر کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پٹنہ لے جاتے ہوئے راستے میں ہی اس کی موت ہو گئی۔


شادی کے محض دو دن بعد ہی دولہے کی موت سے پوری فیملی غم میں ڈوب گئی اور کسی طرح لڑکے کی آخری رسوم ادا کی گئی۔ بعد میں کچھ لوگوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ لڑکے کی موت کورونا سے ہوئی ہے۔ یہ شبہ ہونے کے بعد 19 جون کو مہلوک دولہے کے قریبی رشتہ داروں کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا۔ برآمد رپورٹ میں جب 15 لوگ پازیٹو پائے گئے تو لوگوں میں ڈر اور گھبراہٹ مزید بڑھ گئی اور شادی میں شریک سبھی لوگوں کا کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ لیا گیا۔ اس کے لیے ہیلتھ ٹیم نے 24، 25 اور 26 جون کو علاقے میں کورونا ٹیسٹ کیمپ لگایا جس میں کل 364 لوگوں کی جانچ کی گئی۔ ان میں 86 لوگوں کی رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔ مہلوک دولہے کے کچھ ایسے قریبی رشتہ داروں کا بھی کورونا ٹیسٹ کرایا گیا جو الگ الگ علاقوں اور ڈویژن میں رہتے ہیں، ان میں سے بھی کئی کی رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو تقریباً 100 افراد پازیٹو پائے گئے ہیں اور اچانک اتنی بڑی تعداد میں کورونا مریض ملنے سے ایک ہنگامی حالت پیدا ہو گئی ہے۔

اس درمیان پالی گنج کی کئی سماجی تنظیموں نے حکومت سے جانچ تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں پازیٹو پائے گئے لوگوں کو کوارنٹائن رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کچھ مریضوں کو بمیتی پھلواری شریف بھیجا گیا اور بیشتر کو بہٹا بھیج دیا گیا ہے۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میٹھا کنواں کھگڑی محلہ، پالی گنج بازار کے کچھ علاقوں کو سیل کیا جا رہا ہے تاکہ کورونا کا پھیلاؤ رک سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Jun 2020, 12:11 PM