دہلی-این سی آر سے ہٹائی گئیں گریپ-3 کی پابندیاں، اے کیو آئی میں بہتری، 23 جنوری کو بارش اور تیز ہوا کا امکان
قومی راجدھانی دہلی میں ہوا کے معیار میں پہلے کے مقابلہ کافی بہتری آئی ہے۔ حالانکہ اب بھی یہ ’بہت خراب‘ زمرہ میں ہے۔ 22 جنوری کو دہلی میں اے کیو آئی 313 درج کیا گیا۔

دہلی-این سی آر سے گریپ-3 کی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔ اے کیو آئی میں بہتری آنے کے بعد کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (سی اے کیو ایم) نے یہ فیصلہ لیا ہے۔ بھاری گاڑیوں اور ٹرکوں کے داخلے پر گریپ-3 کے تحت پابندی رہتی ہے۔ اب اس کے ہٹنے سے یہ پابندی بھی ختم ہو جائے گی۔ اسٹیج-3 تبھی نافذ کیا جاتا ہے جب ہوا کا معیار شدید زمرے میں درج کیا جاتا ہے۔
گریپ-3 پابندیوں میں کیا کیا شامل؟
گریپ-3 کی پابندیوں میں تعمیراتی اور انہدامی سرگرمیوں پر سخت پابندی عائد کی جاتی ہے۔
ایسی سائٹس جہاں مٹی اڑنے کا خدشہ ہو، وہاں کام فوری طور پر بند کر دیا جاتا ہے۔
اینٹوں کے بھٹوں، اسٹون کرشرز اور ہاٹ مکس پلانٹس کو فوری طور پر بند کر دیا جاتا ہے۔
آلودگی پھیلانے والی صنعتی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے۔
ساتھ ہی سڑکوں کے کنارے دھول مٹی پر قابو پانے کی مہم کو تیز کر دیا جاتا ہے۔
ٹرکوں اور بھاری گاڑیوں کے داخلے پر بھی پابندی نافذ ہو جاتی ہے۔
اب یہ پابندیاں نہیں ہوں گی، کیونکہ گریپ-3 ہٹ گیا ہے۔ واضح رہے کہ اے کیو آئی جب شدید زمرے سے ہٹتا ہے تو یہ پابندیاں ہٹا دی جاتی ہیں۔
قومی راجدھانی دہلی میں ہوا کے معیار میں پہلے کے مقابلہ کافی بہتری آئی ہے۔ دہلی میں ہوا کا معیار جمعرات (22 جنوری) کو ’بہت خراب‘ زمرے میں درج کیا گیا ہے اور اے کیو آئی 313 رہا۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے جمعرات کو درمیانی سطح کی دھند رہنے اور جمعہ (23 جنوری) کو گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور تیز ہواؤں کی وارننگ بھی جاری کی ہے، جو ہوا سے آلودگی کے ذرات کو صاف کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 23 جنوری کو این سی آر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً 20 ڈگری سیلسیس اور کم از کم درجہ حرارت تقریباً 10 ڈگری سیلسیس رہنے کی امید ہے۔ جمعہ کو پورے دن گرج کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دہلی میں فضائی آلودگی کا معیار انتہائی خراب ، 'گریپ 4' نافذ
سی پی سی بی کے مطابق اے کیو آئی کو صفر سے 50 کے درمیان ’اچھا‘، 51 سے 100 کے درمیان ’اطمینان بخش‘، 101 سے 200 کے درمیان ’معتدل‘، 201 سے 300 کے درمیان ’خراب‘، 301 سے 400 کے درمیان ’بہت خراب‘ اور 401 سے 500 کے درمیان ’سنگین‘ مانا جاتا ہے۔ اس سے قبل 20 جنوری کو دہلی-این سی آر کی ہوا میں معمولی بہتری کے بعد گریپ-4 کی پابندی ہٹا دی گئی تھی۔ کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (سی اے کیو ایم) نے گریپ-4 کی پابندیوں کو ہٹانے کا فیصلہ لیا تھا۔ دہلی-این سی آر میں 17 جنوری کو گریپ اسٹیج-4 نافذ کیا گیا تھا۔