حکومتوں کو مہاجر مزدوروں کی کوئی فکر نہیں: مایاوتی

مایاوتی نے کہا ہے کہ میڈیا نے جس طرح تارکین وطن مزدوروں کے درد اور تکلیف کو بیان کیا ہے، پھر بھی مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے توجہ نہیں دی ہے۔ اب اس سلسلے میں عدالتوں کا جواب طلب کرنا اطمینان بخش ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: مرکزی اور ریاستی حکومتوں پر مہاجر مزدوروں کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے، بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے جمعرات کے روز کہا کہ اس سلسلے میں عدالتوں کا جواب طلب کرنا اطمینان بخش ہے۔ مایاوتی نے کہا ہے کہ میڈیا نے جس طرح تارکین وطن مزدوروں کے درد اور تکلیف کو بیان کیا ہے، پھر بھی مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے توجہ نہیں دی ہے۔ اب اس سلسلے میں عدالتوں کا جواب طلب کرنا اطمینان بخش ہے۔

بی ایس پی رہنما نے کہا کہ ’’جس طرح سے لاک ڈاؤن کے دوران پریشانیوں کو جھیلتے ہوئے گھر واپسی کے لئے مجبور مہاجر کارکنوں کی بدحالی اور راستے میں ان کی اموات وغیرہ کڑوے سچ میڈیا کے توسط سے ملک اور دنیا کے سامنے آئے ہیں، یہ واضح ہوجاتا ہے کہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کو ان کی بالکل بھی فکر نہیں ہے، یہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ‘‘


مایاوتی نے کہا کہ آج ملک میں لاک ڈاؤن کے 65 ویں دن کچھ راحت کی بات یہ ہے کہ معزز عدالتوں نے کورونا وائرس کی تحقیق اور علاج، سرکاری اسپتالوں کی بدحالی، نجی اسپتالوں کو نظرانداز کرنا اور مہاجر مزدوروں کی بڑھتی ہوئی حالت زار اور اموات کے سلسلے میں مرکز اور ریاستی حکومتوں سے سوال اور جواب شروع کردیئے ہیں۔ ‘‘قبل ازیں، انہوں نے کہا تھا کہ مرکز اور مہاراشٹرحکومت کے مابین تنازعہ کی وجہ سے لاکھوں تارکین وطن مزدور بہت بری طرح سے دوچار ہیں، جو انتہائی افسوسناک اور بدقسمتی کی بات ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔