حکومت نے جمہوریت کے خلاف پیگاسس کا استعمال کیا: کانگریس

کانگریس نے کہا ہے کہ حکومت نے جمہوریت کو کمزور کرنے کے ارادے سے کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور اپوزیشن کے دیگر اہم لوگوں کے خلاف پیگاسس کے ہتھیار کا استعمال کرنے کا گناہ کیا ہے

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ حکومت نے جمہوریت کو کمزور کرنے کے ارادے سے کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور اپوزیشن کے دیگر اہم لوگوں کے خلاف پیگاسس کے ہتھیار کا استعمال کرنے کا گناہ کیا ہے۔

کانگریس کے ترجمان گورو بلبھ نے جمعرات کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس میں پیگاسس کیس کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کو حکومت کی طرف سے جواب نہ دینے کے سوال پر کہا کہ وہ کس طرح جواب دے سکتے ہیں، انہیں بتانا پڑے گا کہ ہتھیار کا استعمال کن اصولوں کے تحت کیا گیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ حکومت نے راہل گاندھی، دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں، سینئر صحافیوں، الیکشن کمیشن، اہم سائنسدانوں، سماجی کارکنوں اور حتیٰ کہ سپریم کورٹ کے خلاف بھی اس ہتھیار کا استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات جواب نہ دینا بھی جواب شمار ہوتا ہے اورایسا کرکے حکومت نے بتا دیا ہے کہ انہوں نے ملک کی جمہوریت کے خلاف پیگاسس کا ہتھیار استعمال کیا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ بھی جواب نہ دینے کوخاموش جواب شمار کرے گا اور اس معاملے میں حکومت کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔ حکومت نے یہ ہتھیار جمہوریت، عدلیہ اور ملک کی ایگزیکٹو کو کمزور کرنے کے لیے استعمال کیا ہے۔ اسے ملک کو جواب دینا چاہیے کہ اس نے ایسا کیوں کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔