راجستھان میں کانگریس کی حکومت بنے گی: پائلٹ

اجمیر میں انتخابی دورے پر نکلے سچن پائلٹ نے الزام عائد کیا کہ ریاکاری اور جھوٹ کی سرکار کے دن اب پورے ہونے والے ہیں، پورے صوبے میں کانگریس کی ہوا ہے اور کانگریس کی حکومت بننے جا رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

اجمیر: راجستھان میں کانگریس کے ریاستی صدر سچن پائلٹ نے وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست میں ماحول کانگریس کے حق میں ہے لہٰذا حکومت بھی کانگریس کی بننے جا رہی ہے۔

پائلٹ ضلع اجمیر کے 6 اسمبلی حلقوں کے انتخابی دورے پر تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاکاری اور جھوٹ کی سرکار کے دن اب پورے ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں کانگریس کی ہوا ہے اور کانگریس کی حکومت بننے جا رہی ہے۔

انہوں نے ضلع کی بیاوَر، پیسانگن، مسودا، سرواڑ، گھوگھرا اور کشن گڑھ کی انتخابی ریلیوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ آج محلوں میں رہنے والی رانی اور رنک کے درمیان مقابلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال کانگریس نے عوام کی آواز بن کر سڑک پر جدو جہد کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں کسانوں، دلتوں، خواتین اور بے روزگاروں کے ساتھ نا انصافی اور استحصال ہوا ہے۔ کوئی بی جے پی رہنما متاثرین کی خبر لینے نہیں آیا، لیکن ووٹوں کے لیے اب چکر لگا رہے ہیں۔

انہوں نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ 20 دنوں سے وہ اتر پردیش نہیں گئے اور راجستھان میں چکر کاٹ رہے ہیں اور ذات برادریوں کو ڈھونڈنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے تو ہنومان جی کو بھی نہیں چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ وسندھرا راجے کی حکومت میں ایک لاکھ بیگہہ کان کی بدعنوانی ہوئی ، جسے کانگریس کے ذریعے بے نقاب کرنے پر اسے رد کر دیا گیا۔ انہوں نے مہنگائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت پوری طرح سے ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مسودا ریلی میں کہا کہ حکومت بننے پر کانگریس کسانوں کی طرح دودھ کے کاروباریوں کو بھی ہرممکن مدد کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Nov 2018, 7:09 PM