’حکومت فلمی ڈائیلاگ سے نہیں چلتی، راج دھرم نبھانا پڑتا ہے‘، کانگریس کا یوگی حکومت پر حملہ

کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ ’’حکومتوں کا اقبال کمزوروں کو دبا کر قائم نہیں ہوتا، حکومت کا اقبال طاقتور لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کر کے، مظلوموں کو انصاف دلانے سے قائم ہوتا ہے۔‘‘

کانگریس ترجمان پون کھیڑا، تصویر یو این آئی
کانگریس ترجمان پون کھیڑا، تصویر یو این آئی
user

تنویر

اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری تشدد کو لے کر ریاست کی یوگی حکومت بری طرح مشکل میں پھنستی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ ریاستی حکومت معاملے کو جتنا دبانے کی کوشش کر رہی ہے، اتنا ہی ہنگامہ بڑھتا جا رہا ہے۔ کسان لیڈروں کے ساتھ ساتھ اپوزیشن لیڈروں نے بھی یوگی حکومت کی ناک میں دم کر دیا ہے۔ کانگریس بھی لگاتار وزیر اعظم نریندر مودی اور یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ آج کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ ’’جب سے ریاست کے لوگوں پر یوگی آدتیہ ناتھ کو بطور وزیر اعلیٰ تھوپا گیا ہے، وہ ہندی فلموں کے بڑے بڑے ڈائیلاگ بولتے ہیں۔ وہ سوچتے ہیں کہ فلمی ڈائیلاگ کے سہارے ہی حکومت چلتی ہے۔‘‘

پون کھیڑا نے اپنے بیان کو آگے بڑھاتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’حکومت فلمی ڈائیلاگ یا نعرے سے نہیں، راج دھرم پر عمل کرنے سے چلتی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’راج دھرم ایک ایسا لفظ ہے جسے سن کر اس وقت کے گجرات کے وزیر اعلیٰ بھی کانپ گئے تھے، جب سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے ان کو راج دھرم کی یاد دلائی تھی۔‘‘


کانگریس ترجمان نے یوگی حکومت پر حملہ آور انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج پھر وہ گھڑی آ گئی ہے جب نہ صرف آج کے وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنا راج دھرم یاد کرنا چاہیے، یو پی کے وزیر اعلیٰ کو بھی اپنا راج دھرم یاد کرنا چاہیے۔ حکومتوں کا اقبال کمزوروں کو دبا کر قائم نہیں ہوتا۔ حکومت کا اقبال طاقتور لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کر کے، مظلوموں کو انصاف دلانے سے قائم ہوتا ہے۔‘‘ پون کھیڑا نے ساتھ ہی کہا کہ گورکھپور سے لکھیم پور تک ہماری جمہوریت نے جو سفر طے کیا، اس سے صاف ہو جاتا ہے کہ بی جے پی حکومت کا اقبال کمزور آدمی پر چلتا ہے، طاقتور افراد کے سامنے وہ سجدہ ریز ہو جاتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔