’750 کلو پیاز کے محض 664 روپے ملے، یہی حقیقت ہے‘، کانگریس نے مودی حکومت پر عائد کیا کسانوں کو بدحال کرنے کا الزام
کانگریس کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کا وعدہ تھا کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا، لیکن کسانوں کو اس حال پر لا کر چھوڑ دیا ہے جہاں 750 کلو پیاز کے محض 664 روپے ملے۔

مرکز کی مودی حکومت نے کسانوں کی آمدنی بڑھانے کا وعدہ تو کئی مواقع پر کیا، لیکن زمینی حقیقت یہی ہے کہ کسان مستقل مختلف مسائل کے سبب قرض میں ہی ڈوبتے چلے آ رہے ہیں۔ کسانوں کے ساتھ ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ کئی بار فصل کے لیے اتنی کم قیمت ملتی ہے جو محض خسارے میں ہی ڈالتی ہے۔ کچھ ایسا ہی معاملہ مہاراشٹر کے ایک کسان کا ہے، جسے 750 کلو پیاز کے لیے محض 664 روپے ملے۔ یہ معاملہ اب سرخیوں میں ہے۔ کچھ اخبارات نے اس پر رپورٹ بھی شائع کی ہے، اور اب کانگریس بھی پی ایم مودی پر حملہ آور دکھائی دے رہی ہے۔
کانگریس نے ایک اخباری رپورٹ کی بنیاد پر تیار ویڈیو میں بتایا ہے کہ ’’ملک میں کسانوں کی بدحالی سمجھیے۔ مہاراشٹر کے ایک کسان نے 66 ہزار روپے لگا کر پیاز کی فصل لگائی۔ لیکن بارش سے فصل برباد ہو گئی۔ جیسے تیسے کسان نے تقریباً 750 کلو پیاز بچایا۔ 1500 روپے کرایہ لگا کر، پیاز لے کر منڈی پہنچا۔ لیکن یہاں اسے 750 کلو پیاز کے صرف 664 روپے ملے۔‘‘ ویڈیو کے آخر میں وزیر اعظم کے وعدہ کو یاد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’’نریندر مودی کا وعدہ تھا کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا، لیکن مودی حکومت نے کسانوں کو بدحالی پر لا کر چھوڑ دیا ہے۔‘‘ اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا ہے ’’نریندر مودی کا دعویٰ تھا کسان کی آمدنی دوگنی کریں گے، اس کی فصل کی صحیح قیمت دیں گے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ کسان کو 750 کلو پیاز کے بدلے صرف 664 روپے ملے۔‘‘
کانگریس نے ایک دیگر سوشل میڈیا پوسٹ میں بھی مہاراشٹر کے پیاز کسان کے ساتھ پیش آئے اس واقعہ پر اپنا افسوس ظاہر کیا ہے۔ پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’ملک میں کسانوں کا حال سمجھیے۔ مہاراشٹر کے کسان نے 66 ہزار روپے لگا کر پیاز کی فصل لگائی۔ بارش سے فصل برباد ہو گئی۔ کسان نے جیسے تیسے تقریباً 750 کلو پیاز بچایا۔ کسان 1500 روپے کرایہ لگا کر پیاز منڈی لے کر پہنچا۔ یہاں اسے 750 کلو پیاز کے محض 664 روپے ملے۔‘‘ اس پوسٹ میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’مودی حکومت کا وعدہ تھا کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا، لیکن کسانوں کو اس حال پر لا کر چھوڑ دیا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔