مہاراشٹر سے آ رہی خوشخبری، سبھی مذہبی مقامات عبادت کے لیے کھولنے کا اعلان

وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور وزیر تعلیم ورشا گائیکواڈ کی میٹنگ کے بعد حکومت نے اعلان کیا کہ شہری علاقوں میں آٹھویں سے بارہویں تک کے کلاسز 4 اکتوبر سے کھولے جائیں گے۔

ادھو ٹھاکرے، تصویر آئی اے این ایس
ادھو ٹھاکرے، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

مہاراشٹر میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے جاری سختیوں میں کچھ نرمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے مہاراشٹر میں کورونا کے معاملے کم ہوتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، اسی لیے سبھی مذہبی مقامات کو عبادت کے لیے کھولنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ دفتر نے اس سلسلے میں جانکاری میڈیا کو دی۔ وزیر اعلیٰ دفتر کا کہنا ہے کہ نوراتری کے پہلے دن 7 اکتوبر سے سبھی مذہبی مقامات کھولے جائیں گے۔ اس دوران کووڈ سیکورٹی پروٹوکول پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ مہاراشٹر میں 4 اکتوبر سے سبھی اسکول کھولنے کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور وزیر تعلیم ورشا گائیکواڈ کی میٹنگ کے بعد حکومت نے اعلان کیا کہ شہری علاقوں میں آٹھویں سے بارہویں تک کے کلاسز کھولے جائیں گے۔ علاوہ ازیں پانچویں سے بارہویں تک کے دیہی علاقوں میں واقع اسکول بھی کھولے جائیں گے۔

واضح رہے کہ مہاراشٹر میں جمعہ کو کورونا انفیکشن کے 3286 نئے معاملے درج کیے گئے ہیں اور 51 متاثرین کی موت ہوئی۔ محکمہ صحت کے افسران نے بتایا کہ تازہ کیسز اور اموات کے بعد مہاراشٹر میں اب تک 65 لاکھ 37 ہزار 843 لوگوں کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں سے 1 لاکھ 38 ہزار 776 مریضوں کی موت ہوئی ہے۔


محکمہ صحت کے افسر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 3933 مریضوں کی اسپتال سے چھٹی بھی ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں وبا کو اب تک شکست دینے والوں کی تعداد بڑھ کر 63 لاکھ 57 ہزار 12 ہو گئی ہے۔ اس وقت ریاست میں 39 ہزار 491 مریضوں کا علاج چل رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔