گو-ایئر کی دہلی-گواہاٹی فلائٹ حادثے کا شکار ہوتے ہوتے بچی، جئے پور میں محفوظ لینڈنگ

ڈی جی سی اے افسران نے بتایا کہ گو-ایئر کی جی 8-151 فلائٹ دہلی سے گواہاٹی جا رہی تھی، یہ فلائٹ 12.40 بجے دہلی ائیرپورٹ سے روانہ ہوئی تھی، پرواز بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی طیارہ کی وِنڈشیلڈ ٹوٹ گئی۔

گو ایئر، تصویر آئی اے این ایس
گو ایئر، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

طیاروں میں لگاتار آ رہی تکنیکی خرابی کی خبروں کے درمیان بدھ کے روز گو-ایئر فلائٹ کی وِنڈ شیلڈ ٹوٹنے کی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گو-ایئر کی فلائٹ دہلی سے گواہاٹی جا رہی تھی اور پرواز کے دوران وِنڈ شیلڈ ٹوٹ گئی۔ اس کی جانکاری جب پائلٹ کو ملی اور خراب موسم کی وجہ سے طیارہ کی دہلی ائیرپورٹ پر لینڈنگ نہیں کرائی جا سکی۔ بعد ازاں اسے جئے پور ڈائیورٹ کیا گیا جہاں اس کی محفوظ لینڈنگ کرائی گئی۔ یعنی طیارہ حادثے کا شکار ہوتے ہوتے بچ گیا۔

اس واقعہ کے تعلق سے ڈی جی سی اے افسران نے بتایا کہ گو-ایئر کی جی8-151 فلائٹ دہلی سے گواہاٹی جا رہی تھی۔ یہ فلائٹ 12.40 بجے دہلی ائیرپورٹ سے روانہ ہوئی تھی۔ پرواز بھرنے کے کچھ دیر بعد طیارہ کی وِنڈشیلڈ ٹوٹ گئی۔ پائلٹ کو اس کی جانکاری ہوئی تو اس نے دہلی میں ہی طیارہ لینڈنگ کرانے کی اجازت مانگی، لیکن یہاں خراب موسم کی وجہ سے ایسا نہیں ہو سکا۔ بعد ازاں فلائٹ کو جئے پور موڑا گیا جہاں اس کی حفاظت کے ساتھ لینڈنگ کرائی گئی۔ ڈی جی سی اے افسر کا کہنا ہے کہ 2 بج کر 55 منٹ پر فلائٹ کو گواہاٹی میں لینڈ ہونا تھا، لیکن پرواز کے دوران وِنڈشیلڈ ٹوٹ گیا، پھر فلائٹ کی 3 بجے جئے پور میں لینڈنگ ہوئی۔ راحت کی بات یہ ہے کہ فلائٹ میں موجود سبھی مسافر محفوظ ہیں۔


واضح رہے کہ منگل کو بھی طیارہ کمپنی گو-ایئر کی تین فلائٹس خراب ہوئی تھیں۔ رَنوے پر ایک کتے کے آنے کے سبب لیہہ سے دہلی جانے والی گو-ایئر کے فلائٹ نمبر جی8-226 ٹیک آف نہیں کر سکی تھی۔ اس کے پہلے گو-ایئر کا طیارہ اے320 فلائٹ نمبر جی8-386 ممبئی سے لیہہ جا رہا تھا، لیکن انجن میں خرابی کے بعد اسے دہلی ڈائیورٹ کیا گیا تھا۔ اس کے انجن نمبر 2 میں خرابی آئی تھی۔ علاوہ ازیں گو-ایئر کی ایک دیگر فلائٹ نمبر جی8-6202 کو سری نگر سے دہلی کے لیے پرواز بھرنا تھا، لیکن انجن میں خرابی آنے کے بعد اسے واپس کر دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔