گوا مندر حادثہ: کانگریس کا افسوس کا اظہار، متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی، وزیراعلیٰ سے فوری امداد کا مطالبہ
گوا میں لیرائی مندر یاترا کے دوران بھگدڑ پر کانگریس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی اور حکومت سے فوری امداد، بہتر انتظامات اور حفاظت کا مطالبہ کیا

تصویر سوشل میڈیا
گوا کے شیرگاؤں میں لیرائی دیوی مندر کی یاترا کے دوران بھگدڑ کے دلخراش واقعے پر گوا پردیش کانگریس کمیٹی (جی پی سی سی) نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس حادثے میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوئے۔
کانگریس کی جانب سے جاری سرکاری بیان میں جی پی سی سی کے میڈیا صدر امرناتھ پنجیکر نے کہا، "شیرگاؤں میں پیش آئے اس افسوسناک واقعے سے ہم انتہائی رنجیدہ ہیں، جہاں معصوم عقیدت مند اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ہم ان تمام خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے اپنے عزیزوں کو کھو دیا۔ ہم زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔‘‘
کانگریس نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس سانحے کے متاثرین کو فوری طور پر تمام ممکنہ طبی و مالی امداد فراہم کرے۔ پنجیکر نے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت سے اپیل کی کہ زخمیوں کے بہتر علاج اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو بھرپور مدد دی جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت لیرائی یاترا کے بقیہ چار دن محفوظ اور باقاعدہ طریقے سے مکمل کرانے کے لیے دیوستھان کمیٹی کو مکمل تعاون فراہم کرے۔ پنجیکر نے کہا کہ ’’یاترا کے دوران لاکھوں عقیدت مند شیرگاؤں پہنچتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ہجوم پر قابو پانے، حفاظتی اقدامات، اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری ہو۔‘‘
کانگریس کا کہنا ہے کہ اس مذہبی تقریب کی روحانیت اور ثقافتی اہمیت کو محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کی حمایت کی جائے گی۔ گوا کانگریس نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی اس حادثے پر اظہار افسوس کیا اور لکھا، ’’ہم شیرگاؤں میں لیرائی یاترا کے دوران پیش آئے حادثے سے دکھی ہیں۔ ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔‘‘
دوسری جانب آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے گوا انچارج مانک راؤ ٹھاکرے نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایکس پر لکھا، "لَیرائی دیوی کی یاترا کے دوران بھگدڑ کی خبر سن کر دل بہت دکھی ہوا۔ اس حادثے میں 7 افراد کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔" وہ فوری طور پر دہلی سے گوا روانہ ہو گئے اور زخمیوں کی عیادت کے لیے میڈیکل کالج کا دورہ کرنے کا اعلان کیا۔
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے بھی اپنے پیغام میں کہا، "گوا کے شیرگاؤں میں لَیرائی مندر کی سالانہ یاترا کے دوران بھگدڑ کا واقعہ افسوسناک ہے۔ میں تمام متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کے جلد صحتیاب ہونے کی دعا کرتا ہوں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔