جنرل نروانے بنگلہ دیش کے 5 روزہ دورہ پر روانہ

جنرل نروانے کا یہ دورہ دونوں ممالک کی افواج کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور اسٹریٹجک اہمیت کے مختلف موضوعات پر ان کی ہم آہنگی اور تعاون کو تقویت بخشے گا۔

منوج مکند نروانے، تصویر آئی اے این ایس
منوج مکند نروانے، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: آرمی چیف جنرل منوج مکند نروانے پانچ روزہ دورے پر جمعرات کو بنگلہ دیش کے لئے روانہ ہوگئے ہیں۔ جنرل نروانے کا یہ دورہ پاکستان کے خلاف 1971 کی جنگ میں فتح کے 50 سال مکمل ہونے کے موقع پر منائے جانے والے ’گولڈن وکٹری ایئر‘ کی تقریبات کے درمیان انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے۔

جنرل نروا نے ’شکھا انربان‘ جاکر جنگ آزادی کے شہدا کو خراج تحسین پیش کریں گے۔ اس کے بعد وہ بنگلہ دیش کے تینوں افواج کے سربراہان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کریں گے۔ وہ بنگ بندھو شیخ مجیب الرحمن کی یادگار پر بھی جائیں گے اور انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔


اتوار کے روز وہ ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے اور اقوام متحدہ کے ایک امن سیمینار میں لیکچر دیں گے۔ وہ پیر کو مالی اور جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کی فورسز کے کمانڈروں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ وہ اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی دائرہ کار کے تحت منعقدہ ایک کثیر القومی فوجی مشق کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

خیال رہے اس مشق میں ہندوستان، بنگلہ دیش، بھوٹان اور سری لنکا کی فوجیں حصہ لے رہی ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں امریکہ، برطانیہ، ترکی اور سعودی عرب اور کچھ دوسرے ممالک کے مبصرین بھی شامل ہیں۔ جنرل نروانے کا یہ دورہ دونوں ممالک کی افواج کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور اسٹریٹجک اہمیت کے مختلف موضوعات پر ان کی ہم آہنگی اور تعاون کو تقویت بخشے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */