جین-زی مظاہرہ: ’گھبرائیے مت، ہم آپ کو چاروں طرف سے گھیر رہے ہیں‘، مودی بریگیڈ کو راہل گاندھی کی تنبیہ

راہل گاندھی نے نوجوانوں میں جوش بھرتے ہوئے کہا کہ ’’ہندوستان کے نوجوانوں، مجھے آپ پر فخر ہے۔ اپنا احتجاج جاری رکھیے، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، ویڈیو گریب</p></div>
i

ایس آئی آر اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف جین-زی کے مظاہرہ کو ناکام بنانے کے مقصد سے دہلی پولیس کی کارروائی اپوزیشن کے نشانے پر ہے۔ صرف اپوزیشن پارٹیاں ہی نہیں، کئی سرکردہ سماجی کارکنان اور فلمی ہستیوں نے بھی مظاہرین کو جنتر منتر جانے سے روکنے اور ہزاروں لوگوں کو حراست میں لیے جانے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے اس معاملہ میں ایک ویڈیو پیغام جاری کر نوجوانوں کو یقین دلایا ہے کہ وہ ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ساتھ ہی وزیر اعظم مودی کو متنبہ کیا ہے کہ انھیں چاروں طرف سے گھیرا جا رہا ہے، اور جلد انھیں جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔

یہ ویڈیو پیغام راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کیا ہے، جس میں کہا ہے کہ ’’میں نریندر مودی، آر ایس ایس اور ان سے منسلک لوگوں کے خلاف ایک دہائی سے بھی زیادہ مدت سے لڑ رہا ہوں۔ میں اپنے حریفوں کو اتنی ہی اچھی طرح سمجھتا ہوں، جتنا کوئی بھی اپنے حریف کو سمجھتا ہے۔ میں انھیں اندر تک جانتا ہوں، ان کی ہر سازش سے واقف ہوں۔ ان لوگوں کی سب سے بڑی پہچان ہے– بزدلی۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’نریندر مودی، امت شاہ، موہن بھاگوت، گیانیش کمار، اجیت ڈووال (اس کہانی کے ویلن) اب دھیرے دھیرے گھیرے میں آتے جا رہے ہیں۔ ان کے چاروں طرف سے دائرہ سمٹ رہا ہے۔‘‘


مودی بریگیڈ کو متنبہ کرتے ہوئے اس ویڈیو میں انھوں نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’جو کرنا ہے کر لیجیے، جتنی پولیس بلانی ہے بلا لیجیے، 10 ہزار، 20 ہزار، 50 ہزار، جتنی چاہیں بلا لیجیے۔ سارے لیڈران کو گرفتار کر لیجیے، سارے نوجوانوں کو گرفتار کر لیجیے۔ ہم سب کو گرفتار کر لیجیے۔ گھبرائیے مت، ہم آپ کو چاروں طرف سے گھیر رہے ہیں، اور ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ ’’میری بات یاد رکھیے، ہمیں جو جانکاری چاہیے وہ ہمارے پاس پہلے سے ہے۔ ہم اپنے آئین کی حفاظت کریں گے۔ ہم ہندوستانی عوام کی آواز کی حفاظت کریں گے اور یہ یقینی بنائیں گے کہ گزشتہ 15-10 سالوں میں ہندوستان کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے، وہ دوبارہ کبھی، کسی بھی صورت میں نہ ہو۔‘‘

راہل گاندھی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور مودی حکومت کے خلاف آواز بلند کرنے والے نوجوانوں کی تعریف بھی اپنے ویڈیو پیغام میں کی ہے۔ بے خوف انداز میں سڑکوں پر مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’ہندوستان کے نوجوانوں، مجھے آپ پر فخر ہے۔ اپنی مخالفت جاری رکھیے۔ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘ انھوں نے یہ عزم بھی ظاہر کیا کہ ’’ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ اس حکومت اور ہمارے آئین پر حملہ کرنے والوں کو شکست ملے۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔