کرناٹک کے مچھلی کارخانہ میں گیس رساؤ سے 3 مزدوروں کی موت، 8 سے زائد کی حالت سنگین

واقعہ مچھلی کے کچرے کو پروسیسڈ کرنے اور ٹینک کی صفائی کے دوران پیش آیا، ایک مزدور صفائی کے لیے ٹنکی میں جیسے ہی چڑھا، وہ بیہوش ہو گیا، پھر اسے بچانے کی کوشش کر رہے دیگر 8 افراد بھی بیمار پڑ گئے۔

علامتی تصویر، آئی اے این ایس
علامتی تصویر، آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کرناٹک کے منگلورو میں ایک مچھلی کارخانہ میں زہریلی گیس کے رساؤ کے واقعہ میں مغربی بنگال کے تین مزدوروں کی موت ہو گئی اور آٹھ سے زائد کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ اتوار کی دیر شب کا ہے۔ بیمار پڑے سبھی مزدروں کا علاج پرائیویٹ اسپتال میں چل رہا ہے۔

مہلوکین کی شناخت سمیراللہ اسلام، عمر فاروق اور نظام الدین ساز کی شکل میں ہوئی ہے۔ اذان علی، قریب اللہ، آفتاب، معراج الاسلام اور شرافت علی و دیگر کی حالت نازک ہے۔ مچھلی کارخانہ منگلورو میں باجپے پولیس اسٹیشن کی سرحد میں خصوصی معاشی زون (ایس ای زیڈ) میں واقع ہے۔ واقعہ مچھلی کے کچرے کو پروسیسڈ کرنے اور ٹینک کی صفائی کے دوران ہوئی۔


ایک مزدور صفائی کے لیے ٹنکی میں جیسے ہی چڑھا وہ بیہوش ہو گیا۔ اسے بچانے کی کوشش کر رہے تقریباً 8 دیگر افراد بھی بیمار پڑ گئے اور انھیں سانس لینے میں تکلیف ہونے لگی۔ ٹینک 20 فیٹ گہرا ہے اور اس میں مچھلی کا کچرا جمع ہوتا ہے۔ پولیس کو اندیشہ ہے کہ مچھلی کے کچرے کو پروسیس کرنے کے دوران نکلی زہریلی گیس کے رساؤ کے سبب یہ واقعہ پیش آیا ہے۔ حالانکہ اس سلسلے میں حتمی طور پر کچھ بھی سامنے نہیں آیا ہے۔ پولیس ڈپٹی کمشنر ہری رام شنکر افسران کے ساتھ موقع پر پہنچے اور کارخانہ مینجمنٹ کو کام روکنے کی ہدایت دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔