ہسٹری شیٹر وکاس دوبے کا بڑا بیٹا آکاش دادی سے ملنے لکھنؤ پہنچا، لیکن اچانک...

آکاش جمعہ کی شب لکھنؤ اپنی دادی سے ملاقات کے لیے پہنچا تھا اور وہ کافی گھبرایا ہوا نظر آ رہا تھا۔ اس سے پہلے کہ وہ گھر میں داخل ہوتا، پولس وہاں پہنچ گئی اور پوچھ تاچھ کے مقصد سے اپنے ساتھ لے گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

گینگسٹر وکاس دوبے کا انکاؤنٹر جمعہ کی صبح ہونے کے بعد بوقت شام اس کی آخری رسومات بھی ادا کر دی گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جب اسے الیکٹرک کریمیٹوریم میں ڈالا گیا تو بیوی رچا دوبے اور اس کا چھوٹا بیٹا شانو موجود تھا لیکن بڑا بیٹا آکاش نہیں تھا۔ جمعہ کی شب ڈرا سہما آکاش لکھنؤ میں اپنی دادی سرلا دوبے سے ملنے کے لیے پہنچا۔ سرلا کرشنا نگر میں اپنے بیٹے دیپ پرکاش دوبے کے گھر میں رہتی ہیں اور آکاش یہیں پہنچا تھا، لیکن اس سے پہلے کہ وہ اپنی دادی سے ملاقات کر پاتا مقامی پولس وہاں پہنچ گئی اور اپنے ساتھ لے گئی۔

کچھ میڈیا ذرائع کے مطابق وکاس دوبے کا بڑا بیٹا آکاش بیرون ملک میں ایم بی بی ایس کر رہا ہے اور جمعہ کی رات ہی وہ لکھنؤ میں کرشنا نگر علاقہ میں پہنچا اور دادی سے ملنے کے لیے چچا کے گھر پہنچا تھا۔ اس دوران وہ کافی گھبرایا ہوا نظر آ رہا تھا۔ میڈیا کے ذریعہ پوچھے گئے کسی سوال کا اس نے جواب بھی نہیں دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ مکان میں داخل ہوتا، اس سے پہلے ہی پولس پہنچ گئی اور اسے اپنے ساتھ لے کر چلی گئی۔


واضح رہے کہ وکاس دوبے کے تین بھائی اور تین بہنیں تھیں۔ بھائیوں میں وکاس سب سے بڑا تھا۔ سب سے چھوٹے بھائی اویناش دوبے کا قتل پہلے ہی ہو چکا ہے جب کہ دیپو دوبے کے بارے میں پتہ نہیں ہے کہ وہ اس وقت کہاں ہے۔ وکاس کے والد رام کمار اس وقت بکرو گاؤں میں رہتے ہیں جب کہ سرلا دوبے لکھنؤ میں رہتی ہیں۔ وکاس دوبے کی بہنیں بٹّن، کرن اور ریکھا ہیں۔ بٹّن کی شادی شیولی میں ہوئی ہے، کرن کی شادی اناؤ میں ہوئی ہے اور ریکھا رام پور میں بیاہی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کرن اور ریکھا کی موت ہو چکی ہے جب کہ بٹّن باحیات ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Jul 2020, 10:56 AM