کشمیرکے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری، میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں

گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 3.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے بالائی علاقوں بشمول مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں تازہ برف باری اور میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ رک رک کر جاری ہے، جس سے سردی میں ایک بار پھر اضافہ درج ہوا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 16 مارچ تک موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں موسم 16 مارچ تک خراب رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ وادی میں اگرچہ 12مارچ کی شام سے موسم میں بتدریج بہتری واقع ہوسکتی ہے لیکن 14 اور 15 مارچ کو پھر برف وباراں متوقع ہے۔ انہوں وادی کے بعض مقامات پر مٹی اور برفانی تودے گر آںے کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔ متعلقہ محکمے کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 45 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے۔ اس سیاحتی مقام پر گزشتہ پانچ دنوں کے دوران اب تک کل 105.1 سینٹی میٹر برف جمع ہوئی ہے۔ جبکہ سری نگر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 27.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔


وادی میں برف وباراں کی وجہ سے سردی میں اضافہ درج ہونے کے باعث لوگوں نے جہاں ایک بار پھر گرم لباس اور کانگڑیوں کا استعمال کرنا شروع کیا ہے وہیں دفاتر، گھروں اور دیگر کام کی جگہوں پر گرمی کے الیکٹرک آلات کا استعمال بھی دوبارہ کیا جا رہا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 3.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ سری نگر میں جہاں ماہ جنوری میں سردیوں کا پچیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جب 31 جنوری کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا وہیں ماہ فروری میں گرمیوں کا 57 سالہ ریکارڈ پاش پاش ہوگیا جب فروری کی ایک شب کم سے کم درجہ حرارت 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ جہاں تازہ برف باری ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ دریں اثنا بارشوں کی وجہ سے وادی کے شہر و گام کی سڑکیں، سڑکیں کم جھیل جھرنے زیادہ نظر آ رہی ہیں۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر بنے گڑھوں میں جمع پانی سے جب گاڑیوں چلتی ہیں تو چھینٹیں دور دور تک پیدل چلنے والوں کو اپنی لپیٹ میں لے کر کہیں کا نہیں چھوڑتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمر رسیدہ افراد، خواتین اور بچوں کے لئے گھروں سے باہر نکلنا محال بن گیا ہے کیونکہ کیچڑ سے بھری سڑکوں پر چلنا ان کے بس کی بات نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔