’کچرے سے آزادی‘ مہم محض نمائش، دہلی حکومت آبی جماؤ اور ٹوٹی سڑکوں سے عوام کی توجہ ہٹا رہی: ڈاکٹر نریش کمار

ڈاکٹر نریش کے مطابق بات صفائی کی ہونی چاہیے، لیکن حکومت اصل مسئلے سے توجہ ہٹا کر دوسری طرف لے جا رہی ہے۔ نالیاں صاف نہیں ہو رہیں، سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں اور ذرا سی بارش میں پورا شہر ڈوب جاتا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ڈاکٹر نریش کمار / تصویر بشکریہ ایکس /&nbsp;DrNareshkr@</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کانگریس کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے دہلی کی ریکھا حکومت کے ذریعہ شروع کی گئی ’کچرے سے آزادی‘ مہم کو محض ایک نمائش قرار دیا ہے۔ انھوں نے اس مہم پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ مہم محض ایک دِکھاوا بن کر رہ گئی ہے۔ دہلی کی عوام کو آج صفائی سے زیادہ آبی جماؤ اور ٹوٹی سڑکوں کے مسائل سے نجات چاہیے، لیکن بی جے پی حکومت صرف سوشل میڈیا پر تشہیر اور فوٹو شوٹ میں مصروف ہے۔‘‘

ڈاکٹر نریش کمار کا کہنا ہے کہ بات صفائی کی ہونی چاہیے، لیکن حکومت اصل مسئلے سے توجہ ہٹا کر دوسری طرف لے جا رہی ہے۔ نالیاں صاف نہیں ہو رہیں، سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں اور ہلکی سی بارش میں پورا شہر پانی میں ڈوب جاتا ہے۔ جب دن میں لوگ ان مسائل سے پریشان ہوتے ہیں، تو حکومت رات کو کیمرے لے کر جھاڑو چلاتی ہے۔ یہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔


کانگریس ترجمان نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر صفائی کے دکھاوے سے دہلی کی حقیقت نہیں بدلے گی۔ انھوں نے سوال پوچھا کہ ’’گلی گلی میں پانی جمع ہو رہا ہے، نالیاں ابل رہی ہیں اور سڑکیں گڈھوں میں تبدیل ہو چکی ہیں۔ اگر یہ ناکامی نہیں ہے، تو اور کیا ہے؟‘‘ نریش کمار نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سے مطالبہ کیا کہ وہ تشہیر کی سیاست چھوڑ کر دہلی کے زمینی مسائل کا حل نکالیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ عوام اب ان جھوٹے دعوؤں سے دھوکہ نہیں کھائے گی اور آنے والے انتخابات میں اس کا جواب دے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔