مودی نے سوچ سمجھ کر نوٹ بندی کا فیصلہ کیا اور غریبوں، کسانوں، مزدوروں کو تباہ کر دیا: راہل

راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ نوٹ بندی وزیراعظم کی سوچی سمجھی سازش تھی تاکہ عوام کے پیسے سے ’مودی دوست‘ سرمایہ داروں کا لاکھوں کروڑ روپے کا قرض معاف کیا جاسکے۔

راہل گاندھی، آئی این سی
راہل گاندھی، آئی این سی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ملک میں نوٹ بندی نافذ کرنے کا فیصلہ شعوری طور پر کیا تھا اور اس کے لئے ان کا مقصد چند سرمایہ دار دوستوں کو فائدہ پہنچانا تھا۔ راہل گاندھی نے وزیراعظم نریند رمودی کے چار سال قبل آج ہی کے دن کی گئی نوٹ بندی کے اعلان کو قومی سانحہ قرار دیا اور کہا کہ اس کے ذریعہ انہوں نے چند سرمایہ کاروں کو فائدہ پہنچانے کا کام کیا اور پورے ملک کو شدید بحران میں مبتلا کر دیا تھا۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا ’’نوٹ بندی وزیراعظم کی سوچی سمجھی سازش تھی تاکہ عوام کے پیسے سے ’مودی دوست‘ سرمایہ داروں کا لاکھوں کروڑ روپے کا قرض معاف کیا جاسکے۔ غلط فہمی میں مت رہیے، غلطی ہوئی نہیں، شعوری طورپر کی گئی تھی۔ اس قومی سانحے کے چارسال پرآپ بھی اپنی آواز بلند کیجیے۔


قابل ذکر ہے کہ نوٹ بندی کے چارسال مکمل ہونے کے موقع پر کانگریس مودی حکومت کے خلاف پورے ملک میں دھوکہ دہی کا دن منا رہی ہے اور اس کے لیے ڈیجیٹل مہم چلا رہی ہے۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کرتے ہوئے کہا، نوٹ بندی ہندوستان کے غریب، کسان، مزدور اور چھوٹے دکانداروں پر حملہ تھا۔ ہمیں اس حملہ کو پہچاننا ہوگا اور اس کے خلاف متحد ہو کر لڑنا ہوگا۔

کانگریس پارٹی کی طرف سے بھی نوٹ بندی کے فیصلہ کی تنقید کرتے ہوئے کہا گیا، ملک کی معیشت کو نوٹ بندی کے فیصلہ نے درہم برہم کر دیا۔ ملکی معیشت آج بھی نوٹ بندی کی مار جھیل رہی ہے۔ آپ ہماری #SpeakUpAgainstDeMoDisaster مہم سے جڑ کر وزیر اعظم مودی کی پیدا شدہ نوٹ بندی نامی آفت کے خلاف آواز بلند کر کے مودی حکومت سے معافی مانگنے کی اپیل کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔