نوی ممبئی کی رہائشی عمارت میں بھیانک آگ، معمر خاتون سمیت چار افراد جاں بحق، کئی زخمی

نوی ممبئی کے واشی علاقے میں آدھی رات کو رہائشی عمارت میں لگی بھیانک آگ میں چار افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے، جن میں ایک چھ سالہ بچی بھی شامل ہے۔ واقعے میں کئی افراد زخمی ہوئے

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نوی ممبئی کے واشی علاقے میں پیر کی شب ایک خوفناک حادثہ پیش آیا، جب سیکٹر 14 کے ایم جی ایم کمپلیکس میں واقع رہیجا ریزیڈنسی سوسائٹی کی ایک عمارت میں اچانک بھیانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس دل دہلا دینے والے حادثے میں چار افراد کی موت ہو گئی، جن میں ایک 6 سال کی بچی بھی شامل ہے، جبکہ دس سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہوئے ہیں۔ ابتدائی جانچ میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

یہ واقعہ رات تقریباً ساڑھے بارہ بجے پیش آیا، جب عمارت کی دسویں منزل پر ایک فلیٹ میں اچانک آگ لگی، جو لمحوں میں 11ویں اور 12ویں منزل تک پھیل گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے پورے حصے کو شعلوں نے گھیر لیا۔ اطلاع ملتے ہی واشی، نیرو ل، ایرو لی اور کوپر کھیڑنے کے فائر بریگیڈ یونٹوں کو طلب کیا گیا۔ تقریباً چار گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد صبح چار بجے کے قریب آگ پر قابو پایا جا سکا۔


پولیس کے مطابق حادثے میں مرنے والوں کی شناخت 84 سالہ کملا ہیرل جین، 44 سالہ سُندر بال کرشنن، ان کی اہلیہ 39 سالہ پوجا راجن اور 6 سالہ بیٹی ودیکا سُندر بال کرشنن کے طور پر کی گئی ہے۔ ان میں سے ایک معمر خاتون دسویں منزل پر واقع فلیٹ میں موجود تھیں، جب کہ باقی تینوں 12ویں منزل پر رہتے تھے۔

فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کے مطابق دھواں اور آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کئی لوگوں کو عمارت سے نکالنے میں دشواری ہوئی۔ متاثرین کو فوری طور پر ہیرانندانی اور ایم جی ایم اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس افسر نے بتایا کہ آگ بجھانے میں 8 فائر ٹینڈر اور 40 سے زائد فائر فائٹرز نے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک آگ لگنے کی اصل وجہ کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے، تاہم ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ کو ذمہ دار مانا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد مقامی پولیس نے کیس درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

ادھر نوی ممبئی کے کاموٹھے علاقے میں بھی دیوالی کے دن ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ سیکٹر 36 کی آمبے شردھا کوآپریٹو سوسائٹی میں سلنڈر دھماکے کے باعث زبردست آگ لگ گئی۔ عمارت کے بیشتر لوگ وقت پر باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے لیکن دوسری منزل پر رہنے والی ایک ماں اور بیٹی اندر ہی پھنس گئیں۔ فائر بریگیڈ نے انہیں بچانے کی کوشش کی مگر دونوں جانبر نہ ہو سکیں۔


عینی شاہدین کے مطابق آگ 301 نمبر فلیٹ سے شروع ہوئی تھی، جس کے بعد اوپری منزل پر دو سلنڈر پھٹنے سے شعلے مزید بھڑک اٹھے۔ مسلسل دو واقعات نے پورے نوی ممبئی کو سوگوار کر دیا ہے، خاص طور پر دیوالی جیسے تہوار کے موقع پر پیش آئے ان حادثات نے خوشیوں کو غم میں بدل دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔