ڈاکٹر منموہن سنگھ ایمس سے ڈسچارج، کورونا کی رپورٹ منفی

سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو سینے میں درد اور بخار کی تکلیف کے بعد دہلی میں واقع ایمس میں داخل کرایا گیا تھا، کورونا کے لئے رپورٹ منفی پائے جانے اور حالت میں بہتری آنے کے بعد انہیں فارغ کر دیا گیا

تصویر سوشل میدیا
تصویر سوشل میدیا
user

قومی آوازبیورو

سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو دہلی میں واقع ایمس (آل انڈیا میڈیکل سائنسز) سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ سینے میں درد اور بخار کے بعد اتوار کے روز انہیں یہاں داخل کرایا گیا تھا۔ اس کے بعد ان کا کورونا کا ٹیسٹ کیا گیا جس کی رپورٹ منفی پائی گئی۔ اطلاعات کے مطابق 87 سالہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی طبیعت ایک نئی دوا کا استعمال کرنے کے بعد بگڑی تھی۔

منموہن سنگھ رواں سال مارچ کے مہینے میں پارلیمانی اجلاس کو ملتوی کیے جانے سے تھوڑا پہلے تقریباً دو مہینے پہلے گر گئے تھے۔ اس وقت ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی دو مرتبہ بائی پاس سرجری بھی ہو چکی ہے، پہلی سرجری سال 1990 میں جبکہ دوسری سرجری سال 2009 میں ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ وہ ذیابطیس کے مرض میں بھی مبتلا ہے۔


دس سال تک ہندوستان کے وزیر اعظم کے عہدے پر فائز رہ چکے ڈاکٹر منموہن سنگھ فی الحال راجستھان سے راجیہ سبھا کے رکن ہیں۔ کچھ دن قبل وہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کے ذریعے ویڈیو کانفرنسگ سے بلائے گئے ایک اجلاس میں شامل ہوئے تھے۔ اس اجلاس کے دوران کانگریس کی حکمران والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شامل ہوئے تھے۔ اجلاس میں ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کورونا وائرس کے بحران کے دوران حکومت کے اقدامات پر سوال اٹھائے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 May 2020, 4:11 PM