اچھوت ہونے کی وجہ سے پارلیمنٹ کی سنگ بنیاد تقریب میں سابق صدر کووند کو نہیں بلایا گیا تھا: کھڑگے

پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ’’یہ ملک کو بنانے کا وقت ہے، جمہوریت کو بچانے کا وقت ہے، آئین کو بچانے کا وقت ہے... اس لیے ہم سب کو اٹھنا ہے، یہ لڑائی کسی ایک کی نہیں ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے، تصویر @INCIndia</p></div>

ملکارجن کھڑگے، تصویر @INCIndia

user

قومی آوازبیورو

راجستھان میں رواں سال اسمبلی انتخاب ہونے والے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سیاسی پارٹیوں کی سرگرمیاں راجستھان میں تیز ہوتی جا رہی ہیں۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی سمیت کئی لیڈران آج راجستھان پہنچے۔ اس دوران کھڑگے نے جئے پور میں کارکنان کو خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

کانگریس صدر نے اپنی تقریر کے دوران نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے سنگ بنیاد کے لیے اس وقت کے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو مدعو نہیں کیے جانے پر سوال اٹھایا۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی ایک رپورٹ کے مطابق انھوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے سنگ بنیاد کے لیے اس وقت کے صدر رام ناتھ کووند کو مدعو نہیں کیا گیا تھا کیونکہ وہ اچھوت ہیں۔‘‘


کھڑگے نے مرکز کی بی جے پی حکومت پر طنز کستے ہوئے کہا کہ ’’ہم صرف بی جے پی سے نہیں لڑ رہے ہیں۔ انتخاب میں بی جے پی ہمارے خلاف 4 امیدوار اتارتی ہے۔ ایک ان کا اپنا امیدوار، دوسرا ای ڈی کا امیدوار، تیسرا سی بی آئی کا امیدوار، چوتھا انکم ٹیکس کا امیدوار۔ ہمیں ان سب کو شکست دے کر جیتنا ہے، کیونکہ وہ جب چاہیں تب ای ڈی لگا دیں گے، سی بی آئی لگا دیں گے، جب بھی ہمارے سمیلن ہوتے ہیں، اس کے دوسرے دن یا اسی دن چھاپہ ماری ہو جاتی ہے۔‘‘

پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ’’یہ ملک کو بنانے کا وقت ہے، جمہوریت کو بچانے کا وقت ہے، آئین کو بچانے کا وقت ہے... اس لیے ہم سب کو اٹھنا ہے۔ یہ لڑائی کسی ایک کی نہیں ہے۔ مودی حکومت کے خلاف یہ لڑائی 140 کروڑ لوگوں کے حقوق کو محفوظ کرنے کی لڑائی ہے۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا بحث کرنے کی جگہ ہیں، وہ جگہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کی ہیں... وہ نمائش کرنے کی جگہ نہیں ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کہتی ہے ہم جمہوری ہیں، لیکن کیا یہ جمہوریت ہے؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔