متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کے بعد آگیا سیلاب، ویڈیو وائرل

ایک ایسے ملک میں جہاں بارش ہونا ہی بڑا واقعہ مانا جاتا ہے، اتنی شدید اورمسلسل بارش نے لوگوں کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔یہاں تک کہ مقامی انتظامیہ کو لوگوں سے گھروں کے اندر رہنے کی اپیل کرنا پڑی۔

<div class="paragraphs"><p>تحدہ عرب امارات </p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں موسم نے ایک بار پھر لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔ دبئی اور ابوظہبی سمیت کئی بڑے علاقوں میں جمعہ کی صبح ہوئی موسلا دھار بارش نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔ ایک ایسے ملک میں جہاں بارش ہونا ہی ایک بڑا واقعہ مانا جاتا ہے، وہاں اتنی شدید اورمسلسل بارش نے لوگوں کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ سڑکوں پر پانی بھر گیا، ٹریفک بری طرح متاثر ہوا اور انتظامیہ کو لوگوں سے گھروں کے اندر رہنے کی اپیل کرنا پڑی۔ سوشل میڈیا پرگردش کرنے والی ویڈیوز میں وادیوں میں پانی کے تیز بہاؤ کو صاف طور پردیکھاجاسکتا ہے۔

دبئی میں جمعرات کی رات گئے شروع ہونے والی موسلا دھار بارش رات بھر جاری رہی۔ اس کے بعد راجدھانی ابوظہبی میں بھی زوردار بارش ہوئی۔ جمعہ کی صبح تک کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات سامنے آنا شروع ہوگئیں۔ سوشل میڈیا پرگردش کرنے والی ویڈیوز میں سڑکیں تالاب میں تبدیل اور گاڑیاں پانی میں پھنسی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ مزید برآں، ایک اور ویڈیو میں پہاڑوں کے درمیان پانی بہتا ہوا دکھایا گیا ہے جس سے ایسا لگ رہا ہے جیسے متحدہ عرب امارات میں کوئی دریا نکل آیا ہو۔


سب سے زیادہ تشویشناک واقعہ شمالی امارات میں سامنے آیا ہے۔ یہاں وادیوں میں اچانک تیز دھاروں کے ساتھ  سیلاب آگیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ ہی ساعتوں میں خشک نظر آنے والی وادیاں تیزی سے چلنے والے پانی سے بھر جاتی ہیں۔ انتظامیہ نے واضح انتباہ جاری کیا ہے کہ لوگ ایسی وادیوں اورنشیبی علاقوں سے دور رہیں، کیونکہ وہاں کی صورتحال ایک لمحے میں جان لیوا بن سکتی ہے۔

ویڈیو کو’Storm.ae ‘ نام کے’ایکس‘ اکاؤنٹ سےشیئر کیا گیا ہےجس کو اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں اور بہت سے لوگوں نے اسے ’لائک‘بھی کیا ہے۔ ایسے میں سوشل میڈیا صارفین ویڈیو پر طرح طرح کے ردعمل کا اظہارکر رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا،’... صحرا میں اتنی شدید بارش کرشمہ ہے‘۔ ایک دیگر صارف نے لکھا کہ’تیل کے کنوؤں میں پانی نہ بھر جائے‘۔ اسی طرح ایک اور صارف نے لکھا کہ ’یہ بہت خطرناک نظر آرہا ہے، ’بھگوان رکشا‘ کرے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔