متحدہ عرب امارات میں شدید بارش، نظام زندگی بری طرح مفلوج، عمان میں 18 افراد جان بحق

بارش کے باعث آنے والے سیلاب سے دبئی کا ٹریفک بری طرح متاثر ہوا۔ سڑکوں سے لے کر فضائی ٹریفک تک درہم برہم نظر آیا۔ وہیں، دبئی ایئرپورٹ پر پانی بھر جانے کی وجہ سے کئی پروازوں کو بھی منسوخ کرنا پڑا

<div class="paragraphs"><p>Getty Images</p></div>

Getty Images

user

قومی آوازبیورو

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور اس کے گردونواح میں منگل کو طوفانی بارش ہوئی۔ صورتحال ایسی ہو گئی کہ متحدہ عرب امارات میں ہر طرف پانی ہی پانی نظر آیا۔ سیلاب کے باعث کئی شہر جام ہو گئے۔ وہیں، پڑوسی ملک عمان میں شدید بارشوں سے آنے والے سیلاب کے باعث 18 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق، شہر دبئی میں طوفانی بارشیں ہوئیں جہاں دن میں اندھیرا چھا گیا، جس کے بعد دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو 25 منٹوں کے لیے بند کرنا پڑا جس سے کئی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔ متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی صبح سے منگل کی دوپہر تک گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی جبکہ مختلف علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ بھی ہوا۔


شدید بارشوں کے باعث متحدہ عرب امارات کی کئی ریاستوں اور شہروں میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ رہائشی علاقوں میں سیلابی صورت حال ہو گئی ہے اور بارش کا پانی گھروں، مالز، میٹرو سٹیشن اور دیگر مقامات میں داخل ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا دوسرا اسپیل منگل کی دوپہر سے شروع ہوگا اور جمعرات تک بادل گرج چمک کے ساتھ برسیں گے۔

خلیجی اخبار ’گلف نیوز‘کے مطابق شدید بارشوں کے باعث دبئی کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے جس کے باعث سڑکیں تالاب بن گئیں۔

یو اے ای حکام نے عوام کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ صرف انتہائی ضروری کام کی صورت میں گھروں سے نکلیں۔ حکام نے عوام سے یہ بھی کہا کہ وہ زیادہ پانی والی جگہ سے دور تھوڑے اونچے مقام پر اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکل پارک کریں۔ حکومتی اعلان کے مطابق سکولوں کو فوری طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے جبکہ تمام سرکاری ملازمین کو آئندہ دو روز کے لیے گھر سے کام کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔


بارش کے باعث متعدد گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں جبکہ شدید ژالہ باری سے کئی گاڑیوں کی ونڈ اسکرینز بھی ٹوٹ گئیں۔ علاوہ ازیں کچھ علاقوں میں بجلی کی بندش کی شکایتیں بھی سامنے آئیں۔

ادھر سلطنت آف عمان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں شمال اور مشرق میں کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ موسمی صورتحال کے باعث پانچ صوبوں میں دفاتر میں کام معطل کر دیا گیا ہے، حکام نے لوگوں کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کر دی۔ مختلف حادثات میں 18 افراد ہلاک ہو گئے، سیلابی ریلے میں گاڑی بہہ جانے سے زیادہ تر اموات ہوئیں، جن میں سے نو سکول کے بچے تھے۔ عمان میں مزید بارشوں کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔