فلائٹس کینسل، اے کیو آئی 400 پار، روپے میں تاریخی گراوٹ، سڑکیں بدحال اور مودی جی آرام فرما رہے: کانگریس
کانگریس نے ملک میں موجود مختلف مسائل کا ذکر کرتے ہوئے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ حالات بدتر ہیں، لیکن اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔

کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت کئی محاذ پر ناکام قرار دیا ہے اور لگاتار عوامی ایشوز کو بلند آواز کے ساتھ اٹھا رہی ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے انڈیگو بحران کے سبب ہزاروں مسافروں کو ہوئی پریشانی کے لیے بھی کانگریس نے مودی حکومت کو ہی ذمہ دار ٹھہرایا ہے اور اس معاملے میں وزیر اعظم مودی کی خاموشی پر تنقید کی ہے۔ کانگریس نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ کر موجودہ 4 اہم مسائل پر مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔
ویڈیو میں پہلا مسئلہ تو انڈیگو بحران ہی بتایا گیا ہے اور ایک ہندی نیوز پورٹل کی سرخی کا اسکرین شاٹ پیش کیا گیا ہے۔ یہ سرخی ہے ’4 دن میں 1700 سے زائد فلائٹ رَد، حکومت بیک فُٹ پر، ہفتہ واری آرام کا اصول واپس‘۔ یہ خبر دراصل 2 روز قبل کی ہے، جب انڈیگو بحران کو دیکھتے ہوئے حکومت نے یو-ٹرن لیتے ہوئے ایئرلائنس کے ملازمین کی ہفتہ واری چھٹی سے متعلق ایک نئے اصول کو واپس لینے کا فیصلہ کیا۔ اس یو-ٹرن کے 2 دن بعد بھی حالات بدتر ہی ہیں اور انڈیگو ایئرلائن مسافروں کی پریشانیاں فوری ختم کرنے میں ناکام نظر آ رہا ہے۔ اتوار کے روز بھی تقریباً 650 پروازیں کینسل ہوئی ہیں اور مختلف ایئرپورٹس پر افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو ملا۔
موجودہ وقت کا دوسرا سب سے اہم مسئلہ فضائی آلودگی ہے، خصوصاً راجدھانی دہلی میں۔ دہلی-این سی آر میں آلودگی کی سطح ایک وقت 550 اے کیو آئی سے اوپر چلی گئی تھی، اور اب بھی یہ 400 سے اوپر ہے۔ اس سلسلے میں کانگریس نے ویڈیو پوسٹ میں تاریخی انڈیا گیٹ کو دھند اور آلودگی سے گھرا ہوا دکھایا ہے اور لکھا ہے ’اے کیو آئی 400 پار‘۔ دہلی کی بی جے پی حکومت نے قبل میں آلودگی ختم کرنے کے دعوے تو بڑے بڑے کیے، لیکن عوام زہریلی ہوا میں سانس لینے کو مجبور ہے۔ اس معاملے میں بھی وزیر اعظم نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ حد تو یہ ہے کہ پارلیمانی اجلاس شروع ہونے سے قبل پارلیمانی احاطہ میں میڈیا کے سامنے وہ کہتے نظر آئے ’آپ بھی موسم کا مزہ لیجیے‘۔
روپے میں تاریخی گراوٹ کا ذکر بھی کانگریس نے اپنی ویڈیو میں کیا ہے۔ اس میں ایک طرف امریکی صدر ٹرمپ کھڑے ہیں، جن کے سر پر ’ایک ڈالر‘ رکھا ہوا ہے۔ دوسری طرف 90 روپے لکھا ہوا ہے، اور اس کے نیچے پی ایم مودی کی 90 تصویر دکھائی دے رہی ہے۔ پچھلے دنوں کی ہی بات ہے جب روپے میں تاریخی گراوٹ ہوئی تھی اور پہلی بار ایک ڈالر کے مقابلے ہندوستانی کرنسی کی قدر 90 روپے تک پہنچ گئی تھی۔ کانگریس اس معاملے میں بھی مستقل وزیر اعظم مودی کو نشانہ بنا رہی ہے۔
کانگریس نے چوتھا مسئلہ بدحال سڑکوں کا اٹھایا ہے۔ دراصل گزشتہ روز کیرالہ واقع کولم میں قومی شاہراہ 66 کا ایک حصہ بری طرح دھنس گیا تھا۔ اس حادثہ کی زد میں ایک اسکول بس سمیت کچھ گاڑیاں بھی آ گئی تھیں۔ اس بدحال قومی شاہراہ کی ویڈیو کانگریس نے ثبوت کے طور پر پیش کی ہے، حالانکہ ملک کے کئی علاقوں سے خراب سڑک اور ٹوٹتے پُل کی خبریں لگاتار سامنے آتی رہی ہیں۔ ان سبھی اہم مسائل کو پیش کرنے والی 27 سیکنڈ کی اس ویڈیو کے ساتھ کانگریس نے کیپشن لگایا ہے ’اور مودی جی آرام فرما رہے ہیں‘۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔