جموں سے دہلی آرہی فلائٹ جئے پور ہوئی ڈائیورٹ، دہلی ایئر پورٹ کے انتظامات پر عمر عبداللہ خفا
جئے پور میں دیر رات تک پھنسے رہنے پر عمر عبداللہ نے اپنے غصے کا اظہار سوشل میڈیا پر کیا۔ ابھی تک دہلی ایئر پورٹ اتھاریٹی یا متعلقہ ایئر لائنس کی طرف سے ڈائیورزن پر کوئی بیان نہیں آیا ہے۔

تصویر@OmarAbdullah
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ دہلی ہوائی اڈے کی بدانتظامی کو لے کر کافی ناراض ہو گئے ہیں اور انہوں نے اس سلسلے میں اپنے شدید غصے کا اظہار سوشل میڈیا پر کیا ہے۔ دراصل جموں سے دہلی آ رہی انڈیگو کی فلائٹ کو دہلی ہوائی اڈے کی حالت خراب ہونے کی وجہ سے جئے پور ڈائیورٹ کر دیا گیا، جس سے عمرعبداللہ دیر رات تک جئے پور ہوائی اڈے پر پھنسے رہے۔ انہوں نے رات کے 1 بجے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک سیلفی شیئر کی، جس میں وہ جئے پور ہوائی اڈے پر طیارے کی سیڑھیوں پر کھڑے دکھائی دے رہے ہیں۔
تصویر شیئر کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے لکھا، ’’دہلی ایئر پورٹ ایک بلڈی شٹ شو ہے (معاف کیجیے میری زبان کے لیے لیکن میں فی الحال شائستہ ہونے کے موڈ میں نہیں ہوں)۔ جموں سے اڑا بھرنے کے تین گھنٹے بعد ہم جئے پور کی سیڑھیوں پر کھڑے ہو کر تازی ہوا لے رہے ہیں۔ مجھے نہیں معلوم کہ ہم یہاں سے کب روانہ ہوں گے۔‘‘
عمر عبداللہ کا یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا اور کچھ یوزرس نے دہلی ہوائی اڈے کی تیاریوں پر سوال کھڑے کیے۔ کچھ نے اس حالت کے لیے موسم کو ذمہ دار ٹھہرایا جبکہ کئی لوگوں نے ایئر ٹریفک کنٹرول اور کوآرڈینیشن کی کمی پر نشانہ سادھا۔
حالانکہ ابھی تک دہلی ایئر پورٹ اتھاریٹی یا متعلقہ ایئر لائنس کی طرف سے اس ڈائیورزن پر کوئی بیان نہیں آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خراب موسم یا رنوے کنجیشن اس ڈائیورزن کی وجہ ہو سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔