میرٹھ میں دردناک سڑک حادثہ، ایک ہی کنبہ کے پانچ افراد جاں بحق

کار میں ظہیر کی بیٹی الماس، اس کا شوہر گلشن، چھوٹی بہن فاضلہ، ساس نسیمہ، اور بھائی کی بیٹی جویریا گاڑی میں تھیں جو موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ جبکہ الماس کا سات ماہ کا بیٹا عمر محفوظ رہا۔

حادثہ، علامتی، تصویر آئی اے این ایس
حادثہ، علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

میرٹھ: اترپردیش کے میرٹھ دہلی ایکسپریس وے پر پیر کو علی الصبح ایک خوفناک سڑک حادثے میں ایک ہی کنبہ کی چار خواتین سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ معجزاتی طور پر سات ماہ کا بچہ جو اپنی ماں کی گود میں تھا بچ گیا۔ جبکہ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس نے آج یہاں بتایا کہ بجنور کے محلہ مردگان کے رہنے والے ظہیر خان کا دبئی میں فرنیچر کا کاروبار ہے اور وہ ان دنوں اپنے گھر آئے ہوئے تھے۔ پیر کو ان کی واپسی کی پرواز تھی اور ان کے بیٹے سمیت خاندان کی خواتین اتوار کی رات دہلی ایئر پورٹ بریزا کار پر انہیں چھوڑنے گئے تھے۔


بتایا جاتا ہے کہ دہلی میرٹھ ایکسپریس وے پر پرتا پور ٹول کے قریب ہوائی اڈے سے واپس آتے ہوئے کار کا ڈرائیور، بجنور رہائشی تعظیم کو جھپکی آئی اور کار سائیڈ میں کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار کے پرخچے اڑ گئے اور اس میں موجود تمام لوگ بری طرح کچل گئے۔

کار میں ظہیر کی بیٹی الماس، اس کا شوہر گلشن، چھوٹی بہن فاضلہ، ساس نسیمہ، اور بھائی کی بیٹی جویریا گاڑی میں تھیں جو موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ جبکہ الماس کا سات ماہ کا بیٹا عمر محفوظ رہا۔ ظہیر کی اہلیہ گلشن اور خاندان کے دیگر افراد سوئفٹ میں پیچھے سے آرہے تھے جنہوں نے موقع پر پہنچ کر پولیس اور ایمبولینس کو اطلاع دی۔ سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ونیت بھٹناگر نے بتایا کہ ٹرک کو پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور بچہ عمر، جو کار میں تھا، کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔