گنگا خطرے کے نشان سے پانچ سینٹی میٹر دور، نقل مکانی شروع

پریاگ راج کے دارا گنج میں سبزی منڈی کے قریب سرسوتی چوک اور نیرالہ چوراہے کے قریب سڑک پر کشتی چلنے لگی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

پریاگ راج: پہاڑی علاقوں میں ہو رہی بارش اور راجستھان کے دھول پور بیراج سے چھوڑے گئے تقریباً 18 لاکھ کیوسک پانی کے سبب گنگا کی آبی سطح وارننگ پوائنٹ پار کرکے خطرے کے نشان سے صرف پانچ سینٹی میٹر دور پہنچ گئی ہے، وہیں یمنا 22 سینٹی میٹر کی دوری پر ہے۔

فلوڈ کنٹرول روم سے حاصل کردہ اعداد و شمار کے مطابق گنگا کی آبی سطح صبح پھاپھا مئو میں 8 بجے 84.48 میٹر ریکارڈ کی گئی تھی، جو آہستہ آہستہ بڑھتے ہوئے شام چار بجے تک 20 سینٹی میٹر بڑھ کر 84.68 میٹر تک پہنچ گئی ہے۔ خطرے کے نشان 84.73 میٹر سے صرف پانچ سینٹی میٹر دور ہے۔ چھت ناگ میں گنگا کی آبی سطح میں صبح 8 بجے سے لے کر شام 4 بجے تک 17 سینٹی میٹر کے اضافہ کے ساتھ 83.92 میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ گنگا صبح 8 بجے 83.75 میٹر پر بہہ رہی تھی۔


انہوں نے کہا کہ جمنا کے پانی کی آبی سطح صبح 8 سے صبح 4 بجے کے درمیان 26 سینٹی میٹر بڑھی ہے۔ جمنا ندی (نینی) صبح 84.25 میٹر پر بہہ رہی تھی جو شام چار بجے 26 سینٹی میٹر بڑھ کر 84.51 میٹر پر پہنچ گئی ہے۔ یہ تیزی سے خطرے کے نشان کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق پھاپھا مئومیں گنگا تقریباً دوسینٹی میٹر، چھتناگ میں تین اور جمنا نینی میں تین سینٹی میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہی ہے۔

کالی سڑک، اکشت وٹ روڈ پر سیلاب کا پانی پہنچ گیا ہے۔ داراگنج علاقہ میں سنگم سے دارا گنج ناگواسوکی مندر کی طرف جانے والا راستہ پانی میں ڈوب گیا ہے۔ دارا گنج میں سبزی منڈی کے قریب سرسوتی چوک اور نیرالہ چوراہے کے قریب سڑک پر کشتی چلنے لگی ہے۔ یہاں گنگا کے کنارے بنی سو سے زائد جھونپڑیوں میں رہنے والے لوگ پانی بھرنے کی وجہ سے دوسری جگہ منتقل ہوگئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔