'ریپبلک ٹی وی' کے ادارتی عملہ کے خلاف ایف آئی آر، ممبئی پولس کو بدنام کرنے کا الزام

این ایم جوشی مارگ پولس اسٹیشن میں ممبئی سی آئی ڈی کے اسپیشل برانچ میں تعنیات پولس سب انسپکٹر ششکانت پوار کی شکایت پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: ممبئی پولس نے آج ریپبلک ٹی وی کے متعدد ادارتی عملے کے خلاف محکمہ پولس کی بدنامی اور اشتعال انگیزی کے الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔ این ایم جوشی مارگ پولس اسٹیشن میں ممبئی سی آئی ڈی کے اسپیشل برانچ میں تعنیات پولس سب انسپکٹر ششکانت پوار کی شکایت پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

ایف آئی آر میں جن ملزمین کے ناموں کا اندراج کیا گیا ہے اس میں ریپبلک ٹی وی چینل کے ایگزیکٹیو ایڈیٹر نرنجن نارائن سوامی، ڈپٹی نیوز ایڈیٹر ساگریکر امیترا، اینکر / سینئر ایسوسی ایٹ ایڈیٹر، شیوانی گپتا، ڈپٹی ایڈیٹر شون سین، دیگر ادارتی عملہ اور نیوز روم انچارج شامل ہیں۔


تعزیرات ہند کی مختلف دفعات اور ممبئی پولس ایکٹ کے تحت درج کی گئی ایف آئی آر میں شکایت کنندہ نے شکایت کی ہے کہ چینل اور اس کے عملے نے جمعرات (22 اکتوبر) کو کچھ ایسی خبریں نشر کیں جن میں دیگر باتوں کے علاوہ، جان بوجھ کر ممبئی پولس فورس اور اس کے سربراہ، پولس کمشنر پرم بیر سنگھ کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔

شکایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ممبئی پولس کی شبیہ کو داغدار کرنے کے مقصد سے رپورٹ نشر کی گئی ہے۔ جمعرات کی شام نشر کی جانے والی خبرکو شکایت کنندہ پوار نے دیکھا تھا جس کے بعد اج اس نے شکایت درج کی۔ ایف آئی آر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ریپبلک ٹی وی نے اسے ممبئی پولس کی جانب سے ’میڈیا کے حقوق پر چونکانے والا حملہ‘ قرار دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔