بہار میں بھی کورونا کی دوسری لہر کا اندیشہ بڑھا، 10 دنوں تک ہائی الرٹ کا اعلان!

بہار کے سبھی شہروں میں ماسک چیکنگ مہم چلائی جا رہی ہے اور بغیر ماسک کے گاڑی چلانے پر گاڑی قبضہ ہو سکتی ہے، ساتھ ہی جرمانہ عائد کیے جانے کے علاوہ مقدمہ بھی درج ہو سکتا ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

تنویر

دہلی، اتر پردیش، گجرات اور راجستھان میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے معاملوں نے دیگر ریاستوں کو بھی ٹینشن میں مبتلا کر دیا ہے۔ بہار کے حالات بھی بہت اچھے نظر نہیں آ رہے ہیں۔ جس طرح سے بہار میں انفیکشن کی رفتار بڑھ رہی ہے، اس سے یہاں بھی کورونا کی دوسری لہر کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔ اسی اندیشہ کے پیش نظر ریاستی ہیلتھ ہیڈکوارٹر نے بہار کے سبھی اضلاع کو اگلے 10 دنوں تک ہائی الرٹ پر رہنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے تحت کئی طرح کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

خبروں کے مطابق بہار کے سبھی شہروں میں ماسک چیکنگ مہم چلائی جا رہی ہے اور بغیر ماسک کے گاڑی چلانے پر گاڑی قبضہ میں لی جا سکتی ہے، ساتھ ہی جرمانہ اور مقدمہ بھی درج ہو سکتا ہے۔ منڈی، مال، دکان میں بغیر ماسک لوگ پکڑے گئے تو انھیں جیل میں بند بھی کیا جا سکتا ہے۔ پہلی بار بغیر ماسک کے پکڑے گئے لوگوں کو 50 روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا جو پہلے سے طے ہے، لیکن ایک بار سے زیادہ بغیر ماسک پہنے پکڑے گئے تو پولس تعزیرات ہند کی دفعہ 188 یعنی لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کے تحت کیس درج کر سکتی ہے۔ ساتھ ہی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی دفعات کے تحت بھی کیس درج کیا جا سکتا ہے۔


ضلع انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سینیٹائزر کے ساتھ ہی ماسک ضرور لگائیں۔ اس کے علاوہ محکمہ صحت نے پولس انتظامیہ و میونسپل کارپوریشن کے ساتھ مل کر عوامی مقامات پر کورونا جانچ کے لیے کیمپ لگانے کی تیاری کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بہار میں کورونا معاملوں کی کل تعداد 2 لاکھ 31 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ حالانکہ اس میں سے ابھی 5115 کیسز ہی ایکٹیو ہیں۔ اب تک کورونا کی وجہ سے بہار میں 1227 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔