ای ایم آئی مزید مہنگی ہونے کا اندیشہ، 5 اگست کو آر بی آئی پھر بڑھا سکتا ہے ریپو ریٹ

اگست ماہ کے پہلے ہفتہ میں 3 سے 5 اگست کے درمیان آر بی آئی کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کی میٹنگ ہونے والی ہے جس میں مانا جا رہا ہے کہ آر بی آئی ریپو ریٹ میں 25 سے 50 بیسس پوائنٹ کا اضافہ کر سکتا ہے۔

آر بی آئی، تصویر آئی اے این ایس
آر بی آئی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے آنے والے دن مزید مشکلات بھرے ہو سکتے ہیں۔ ایسا اس لیے کیونکہ شرح سود پھر سے بڑھنے کے آثار نظر آ رہے ہیں۔ آپ نے اگر ہوم لون لیا ہے تو ای ایم آئی مزید مہنگی ہونے کی خبر آپ کو پریشان کر سکتی ہے۔ معاملہ کچھ یوں ہے کہ اگست ماہ کے پہلے ہفتہ میں 3 سے 5 اگست کے درمیان آر بی آئی کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کی میٹنگ ہونے والی ہے جس میں مانا جا رہا ہے کہ آر بی آئی ریپو ریٹ میں 25 سے 50 بیسس پوائنٹ کے اضافہ کا اعلان کر سکتا ہے۔ ایسا ہوا تو جہاں بینکوں سے ہوم لون سے لے کر کار لون اور ایجوکیشن لون لینا مہنگا ہو جائے گا۔ جن لوگوں کی پہلے سے ہوم لون کی ای ایم آئی چل رہی ہے، ان کی ای ایم آئی بھی مہنگی ہو جائے گی۔

دراصل ترقی یافتہ ممالک میں معاشی بحران پیدا ہونے کا خطرہ ہے، اس لیے حال کے دنوں میں کموڈٹی کی قیمتوں میں کمی آئی ہے جس سے مہنگائی کم ہونے کی امید ہے۔ حالانکہ خام تیل کی قیمتوں میں تیزی بنی ہوئی ہے۔ ہندوستانی تیل کمپنیوں کے لیے خام تیل خرید کی اوسط قیمت 105.26 ڈالر فی بیرل پر بنی ہوئی ہے۔ لیکن ڈالر کے مقابلے روپے میں گراوٹ سے مشکلیں بڑھ گئی ہیں۔ درآمدات کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے جس نے کموڈٹی قیمت میں کمی پر پانی پھیر دیا ہے۔


ایک طرف جون ماہ میں خوردہ مہنگائی کی شرح آر بی آئی کے ٹولرنس لیول سے اوپر 7.01 فیصد پر برقرار رہی، اور دوسری طرف امریکہ کے فیڈ ریزرو کے ذریعہ شرح سود بڑھائے جانے کی امید ہے۔ ایسے میں کئی ماہرین کا ماننا ہے کہ آر بی آئی اگست ماہ میں ریپو ریٹ میں 25 سے 50 بیسس پوائنٹ تک کا اضافہ کر سکتا ہے۔ بینک آف بڑودہ کا ماننا ہے کہ ریپو ریٹ میں 25 بیسس پوائنٹ کا اضافہ ہو سکتا ہے، جب کہ ایچ ڈی ایف سی بینک کے مطابق ریپو ریٹ میں 50 بیسس پوائنٹ کا اضافہ ممکن ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔