لالو یادو کے قریبی بھولا یادو گرفتار، ریلوے بھرتی گھوٹالہ میں سی بی آئی کی کارروائی

سی بی آئی پٹنہ میں دو مقامات پر تلاشی لے رہی ہے، جن میں سے ایک بھولا یادو کے سی اے کا ہے۔ اس کے علاوہ دربھنگہ کے دو مقامات پر بھی تلاشی جاری ہے۔

لالو یاد وکے قریبی بھولا سنگھ ، تصویر آئی اے این ایس
لالو یاد وکے قریبی بھولا سنگھ ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: سی بی آئی نے لالو پرساد یادو کے سابق او ایس ڈی بھولا یادو کو گرفتار کر لیا ہے۔ انہیں ریلوے بھرتی گھوٹالہ (لینڈ فار جاب اسکیم) کے سلسلہ میں دہلی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ادھر، سی بی آئی نے ان کے پٹنہ اور دربھنگہ میں واقع ٹھکانوں پر چھاپے مار کر تلاشی لے رہی ہے۔ بھولا یادو کو راؤز ایونیو کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ بھولا یادو 2004 سے 2009 تک لالو یادو کے او ایس ڈی کے طور پر کام کر رہے تھے۔ بھولا یادو کو اس گھوٹالہ میں کلیدی ملزم قرار دیا جا رہا ہے۔ سی بی آئی پٹنہ میں دو مقامات پر تلاشی لے رہی ہے، جن میں سے ایک بھولا یادو کے سی اے کا ہے۔ اس کے علاوہ دربھنگہ کے دو مقامات پر بھی تلاشی جاری ہے۔ 18 مئی کو سی بی آئی نے اس معاملے میں لالو یادو، رابڑی دیوی، میسا بھارتی اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔


سی بی آئی کی ٹیم نے بدھ کی صبح دربھنگہ میں بھولا یادو کے گھر پر چھاپہ مارا، جہاں کمرہ بند پایا گیا تو نگران سے چابی کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی۔ نگراں پرشانت نے بتایا کہ گھر کی چابیاں قریبی ملازم کے پاس ہیں۔ چند ہی لمحوں میں کارکن للت یادو کو بلایا گیا۔ للت نے گھر کی چابیاں فراہم کیں، جس کے بعد پانچ رکنی ٹیم نے باری باری تمام کمروں کی تلاشی لی، لیکن وہاں سے کچھ نہیں ملا۔

تقریباً دو گھنٹے تک چھاپہ ماری کے بعد سی بی آئی افسر نے دو کاپیوں میں ایک کاغذ تیار کیا، جس کی کاپی بھولا یادو کے کارکن کو فراہم کرنے کے بعد ٹیم آٹھ بجے واپس لوٹ گئی۔ آس پاس کے لوگوں کو اس اچانک اور خفیہ چھاپے کی خبر تک نہیں ہوئی، لیکن ٹیم کے جانے کے بعد یہ خبر آگ کی طرح پھیل گئی۔


خیال رہے کہ لالو یادو صحت سے متعلق مسائل کا شکار ہیں اور انہیں حال ہی میں ایمس سے ڈسچارج کیا گیا ہے۔ ان کی بیٹی روہنی آچاریہ نے اس سے متعلق ایک تصویر شیئر کی تھی، جس میں وہ رابڑی دیوی اور لالو پرساد یادو کے ساتھ نظر آ رہی ہیں۔

غور طلب ہے کہ 6 جولائی کو دیر شام انہیں ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔ گزشتہ منگل کو خبر آئی تھی کہ ان کی صحت میں کافی بہتری آرہی ہے جس کے باعث انہیں دو تین روز میں ڈسچارج کردیا جائے گا۔ ان کے کندھے میں فریکچر ہے جسے ٹھیک ہونے میں 4-6 ہفتے لگیں گے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ فی الحال وہ دہلی میں ہی اپنی بڑی بیٹی میسا بھارتی کی رہائش گاہ پر قیام کریں گے۔ ایمس سے ڈسچارج ہونے کے بعد وہ فوری طور پر پٹنہ نہیں جائیں گے بلکہ کچھ وقت دہلی میں گزاریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔