’ہر گلی میں خوف، ہر گھر میں بے چینی‘، بہار میں بڑھتے جرائم پر راہل گاندھی کا اظہارِ فکر

راہل گاندھی نے بہار کی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’میں پھر دہرا رہا ہوں، اس مرتبہ ووٹ صرف حکومت بدلنے کا نہیں، بہار کو بچانے کا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی (فائل)/ سوشل میڈیا</p></div>

راہل گاندھی (فائل)/ سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

بہار میں جرائم کے واقعات دن بہ دن بڑھتے جا رہے ہیں۔ گزشتہ کچھ دنوں میں کئی کاروباریوں و صنعت کاروں پر قاتلانہ حملہ بھی دیکھنے کو ملا ہے، جس سے ریاست میں خوف کا ماحول ہے۔ اس خوفناک ماحول پر آج کانگریس رکن پارلیمنٹ و لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے اپنی فکر ظاہر کی۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کردہ پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’بہار کرائم کیپٹل آف انڈیا بن چکا ہے۔ ہر گلی میں خوف، ہر گھر میں بے چینی ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ کے ساتھ 2 الگ الگ ہندی روزناموں کی سرخیوں کا تراشہ شیئر کیا ہے جس سے بہار میں پھیلتے جرائم کا پتہ چلتا ہے۔ پہلی سرخی ’نیوز 18‘ پر 12 جولائی کی ہے جس میں لکھا گیا ہے ’11 دن، 31 قتل... کیوں خون سے رنگ رہی بہار کی زمین، کریمنلز کے نشانے پر پٹنہ کے کاروباری؟‘ دوسری سرخی ’دینک بھاسکر‘ کی ہے۔ اس میں لکھا گیا ہے ’10 لاکھ میں شوہر، 4 لاکھ میں کاروباری کا مرڈر: بہار میں بڑھ رہی کانٹریکٹ کلنگ انڈسٹری، نئے لڑکوں کو قاتل بنا رہے گینگسٹر، 150 شوٹر ہٹ لسٹ میں‘۔


مذکورہ بالا 2 سرخیوں سے ہی بہار میں قتل و غارت گری کے حالات کا اندازہ ہو جاتا ہے۔ ان 2 سرخیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’بے روزگار نوجوانوں کو قاتل بنا رہا ہے غنڈہ (غ NDA) راج۔ وزیر اعلیٰ کرسی بچا رہے ہیں، بی جے پی وزیر کمیشن کمان رہے ہیں۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں وہ یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’میں پھر دہرا رہا ہوں۔ اس مرتبہ ووٹ صرف حکومت بدلنے کا نہیں، بہار کو بچانے کا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔