ٹریکٹر مارچ: کسانوں نے مانگی تحریری منظوری، پولیس نے اب رکھیں کچھ شرائط

کسان اپنی ٹریکٹر ریلی نکالنے کے لئے بضد ہیں لیکن پولیس کی منظوری کےتعلق سے ابھی تصویر صاف نہیں ہے کیونکہ پولیس نے اب کچھ شرائط رکھ دی ہیں۔

ٹریکٹر مارچ / تصویر آئی اے این ایس
ٹریکٹر مارچ / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: 26 جنوری کو احتجاج کر رہے کسانوں نے دہلی کے اندر ٹریکٹر ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہوا ہے اور بڑی تعداد میں کسان ٹریکٹر لے کر دہلی کی طرف روانہ ہو رہے ہیں، لیکن ابھی دہلی پولیس کی جانب سے کوئی تحریری منظوری نہیں ملی ہے۔ کسانوں نے اس تعلق سے اتوار کو ایک درخواست دہلی پولیس کو دی ہے اور آج دہلی پولیس اس تعلق سے اعلان کر سکتی ہے۔

کل کسانوں نےاعلان کیا تھا کہ ٹریکٹر ریلی سے متعلق دہلی پولیس کے ساتھ اتفاق رائے بن گئی ہے اور 26 جنوری کو ٹریکٹر ریلی نکالی جائے گی۔ اب خبر یہ ہے کہ دہلی پولیس آج شام کو پریس کانفرنس کرنے جا رہی ہے جس میں وہ ٹریکٹر ریلی سے متعلق تفصیل سے بتائے گی۔


کسانوں نے ٹریکٹر ریلی سے متعلق تحریری منظوری مانگی ہے اور انہوں نے اپنی درخواست کے ساتھ ان روٹس (راستوں) کا ذکر کیا ہے جن پر پولیس کے ساتھ سمجھوتہ ہو گیا ہے۔ پولیس نے کسانوں کے سامنے اپنی کچھ شرائط رکھی ہیں اور کسانوں کو ابھی اس تعلق سے جواب دینا ہے۔ ذرائع کے مطابق دہلی پولیس نے واضح کر دیا ہے کہ وہ آؤٹر رنگ روڈ یا دہلی کے کسی بھی اندرونی علاقہ میں ٹریکٹر ریلی نہیں نکالنے دیں گے۔ ذرئع کے مطابق دہلی پولیس مختلف روٹس پر ریلی کی اجازت دے سکتی ہے اور اس تعلق سے کسانوں کو تحریری رضا مندی دینی ہوگی کہ وہ ان روٹس تک ہی خود کو محدود رکھیں گے۔کسانوں کو یہ بھی یقین دہانی کرانی ہوگی کہ ریلی کے دوران نہ تو کوئی ملک مخالف نعرہ لگائے گا نہ ہی کوئی پوسٹر لگائے گا۔

ایک طرف جہاں ٹریکٹر ریلی کو لے کر ابھی تک کوئی تصویر صاف نہیں ہے، وہیں دوسری طرف بڑی تعداد میں کسان دہلی کی جانب گامزن ہیں۔ کسان اپنے ٹریکٹر ٹرالی پر بیٹھ کر بڑی تعداد میں ریلی میں شرکت کرنے کے لئے دہلی آ رہے ہیں۔ ادھر گزشتہ چار دنوں میں کسانوں کی تعداد اچانک بڑھ گئی ہے اور احتجا ج کر رہے کسانوں کے ٹھہرنے کی جگہ بڑھتی ہی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔