آج کسان منا رہے ہیں ’وشواس گھات دیوس‘ صدر کو بھیجے گئے میمورنڈم میں تحریک دوبارہ شروع کرنے کا انتباہ

صدر جمہوریہ کو بھیجے گئے میمورنڈم میں سنیوکت کسان مورچہ نے کہا ہے کہ انتہائی دکھ اور ناراضگی کے ساتھ یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ ایک بار پھر ملک کے کسانوں کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے۔

سنیوکت کسان مورچہ، فائل تصویر آئی اے این ایس
سنیوکت کسان مورچہ، فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: سنیوکت کسان مورچہ آج حکومت کے خلاف ’وشواس گھات دیوس‘ منا رہا ہے۔ ایس کے ایم کے مطابق کسان تحریک کی معطلی کے موقع پر حکومت کے ساتھ طے پانے والے معاہدے ابھی تک پورے نہیں ہوئے ہیں، جس کے خلاف ’وشواس گھات دیوس‘ منایا جا رہا ہے۔ ایس کے ایم نے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے نام ضلع مجسٹریٹس اور تحصیلداروں کو ایک میمورنڈم بھی دیا ہے۔ میمورنڈم میں ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وعدے پورے نہ ہونے کی صورت میں دوبارہ احتجاج شروع کرنے کا انتباہ بھی دیا ہے۔

صدر جمہوریہ کو بھیجے گئے میمورنڈم میں سنیوکت کسان مورچہ نے کہا ہے کہ انتہائی دکھ اور ناراضگی کے ساتھ یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ ایک بار پھر ملک کے کسانوں کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے۔ حکومت ہند کے ذریعہ 9 دسمبر کو بھیجا گیا خط، جس کی بنیاد پر ہم نے کسان تحریک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ان میں سے کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ اسی لیے ملک بھر کے کسانوں نے آج ’وشواس گھات دیوس‘ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت کے قول و فعل میں فرق آپ خود دیکھ سکتے ہیں۔


حکومت کسانوں کے اعتماد کو نہ توڑے۔ اقتدار کسانوں کے صبر کا امتحان لینا چھوڑ دے۔ آپ مرکزی حکومت کو اس کے تحریری وعدے یاد دلائیں اور انہیں جلد از جلد پورا کروائیں۔ اگر حکومت ہند اپنی تحریری یقین دہانی سے منحرف ہو جاتی ہے تو کسانوں کے پاس احتجاج دوبارہ شروع کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچے گا۔ واضح ہو کہ دہلی کی سرحدوں پر سنیوکت کسان مورچہ کے بینر تلے ملک کے کسانوں نے مرکزی حکومت کے خلاف زرعی قانون کی منسوخی، کم از کم امدادی قیمت کی قانونی ضمانت اور دیگر کسان مخالف پالیسیوں کے خلاف ایک طویل تحریک شروع کی تھی۔

سنیوکت کسان مورچہ نے میمورنڈم میں مزید لکھا کہ کسان تحریک کی وجہ سے آپ کے دستخط سے تین کسان مخالف قوانین کو منسوخ کر دیا گیا۔ اس کے بعد سنیوکت کسان مورچہ نے 21 نومبر 2021 کو وزیر اعظم کو ایک خط لکھا، جس میں ان کی توجہ چھ بقایا مسائل کی طرف مبذول کرائی گئی۔ اس کے جواب میں زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت کے سکریٹری سنجے اگروال نے 9 دسمبر 2021 کو سنیوکت کسان مورچہ کو ایک خط لکھا، جس میں انہوں نے حکومت کی طرف سے کچھ مسائل پر یقین دہانی کرائی اور ان سے تحریک واپس لینے پر زور دیا۔ اس خط پر بھروسہ کرتے ہوئے سنیوکت کسان مورچہ نے 11 دسمبر سے دہلی کی سرحدوں پر چل رہی تحریک کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ کسانوں نے میمورنڈم میں تمام وعدے لکھ کر صدر کو جانکاری بھی دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔