کسان اور نوجوان بی جے پی کا صفایا کریں گے: راہل

راہل گاندھی سے کسانوں نے آبپاشی نہ ملنے، ٹوٹی سڑک اور فصل کی مناسب قیمت نہ ملنے کی شکایت کرتے ہوئے آوارہ جانوروں سے چھٹکارا دلانے کی اپیل کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

امیٹھی: مرکز کی نریندر مودی حکومت پر کسان اور نوجوان طبقے کو دھوکہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے آج کہا کہ اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں کسان اور نوجوان بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا خاتمہ کر دیں گے۔

اپنے پارلیمانی حلقہ کے دو روزہ دورے کے پہلے دن زینب گنج میں کسان چوپال میں خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ’’مودی جی نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں وعدہ کیا تھا کہ بیرون ملک جمع کالا دھن واپس لائیں گے جس سے ہر ہندوستانی کے اکاؤنٹ میں 15- 15 لاکھ روپے آئیں گے۔ آوارہ جانوروں سے کھیتوں کو ہونے والے نقصان کا حل نکالیں گے۔ نوجوانوں کو روزگار دستیاب كر ائيں گے۔ یہ سارے وعدے اب تک ہوا ہوائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا کسان اور نوجوان حکومت کے کام کاج سے بے حد خفا ہے اور اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں وہ بی جے پی کا صفایا کر دیں گے۔ گاندھی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ہندوستان کے سب سے بڑے پانچ امیر لوگو ں کے ڈھائی لاکھ کروڑ معاف کئے اور جب انہوں نے وزیر خزانہ ارون جیٹلی سے اترپردیش اور امیٹھی کے کسانوں کی قرض معافی پر بات کی تو ان کا جواب تھا کہ کسانوں کا قرض ہماری پالیسی میں نہیں ہے۔

شكلا بازارسے نکلتے وقت راہل گاندھی نے گیہوں کاٹ رہے کسانوں کے درمیان پہنچ کر ان سے بات چیت کی۔ کسانوں نے آبپاشی نہ ملنے، ٹوٹی سڑک اور فصل کی مناسب قیمت نہ ملنے کی شکایت کرتے ہوئے آوارہ جانوروں سے چھٹکارا دلانے کی اپیل کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Apr 2018, 10:14 AM