سنگھو بارڈر: کسان نے ’سلفاس‘ کھا کر کی خودکشی، غمزدہ مظاہرین نے لگائے مودی مخالف نعرے

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کچھ معزز ہستیاں تقریر کر رہی تھیں اور ان کا پروگرام اختتام کو پہنچ گیا تھا۔ اسٹیج کے پیچھے جا کر 40 سالہ کسان امرندر سنگھ نے مبینہ طور پر سلفاس کھا کر اپنی جان دے دی۔

کسان تحریک / تصویر یو این آئی
کسان تحریک / تصویر یو این آئی
user

تنویر

دہلی کی سرحدوں پر جاری زرعی قوانین مخالف مظاہرہ میں شامل کسانوں کو آج اس وقت زبردست دھچکا لگا جب مزید ایک کسان کی خودکشی کی خبر سامنے آئی۔ تازہ معاملہ سنگھو بارڈر پر پیش آیا جہاں 40 سالہ کسان امرندر سنگھ نے مودی حکومت کے ذریعہ پاس کردہ زرعی قوانین کے خلاف ناراضگی میں اپنی جان دے دی۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق امرندر سنگھ نے سلفاس کھا کر خودکشی کی، اور جب یہ خبر پھیلی تو سنگھو بارڈر سمیت غازی پور بارڈر اور ٹیکری بارڈر جیسے مظاہرے کے دیگر مقامات پر بھی مظاہرین میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔

بتایا جاتا ہے کہ سنگھو بارڈر پر دیر شام یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کچھ معزز ہستیاں تقریر کر رہی تھیں اور ان کا پروگرام اختتام کو پہنچ گیا تھا۔ اس وقت پنجاب کے فتح گڑھ صاحب سے آئے تقریباً 40 سالہ امرندر سنگھ نے اسٹیج کے پیچھے ہی سلفاس کھا لیا۔ بعد ازاں وہ چیختے ہوئے اسٹیج کے سامنے آگئے اور کچھ بولتے بولتے اچانک بیہوش ہو کر گر پڑے۔ انھیں فوری طور پر قریبی اسپتال میں لے جایا گیا لیکن انھیں بچایا نہیں جا سکا۔


میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق سنگھو بارڈر پر جب امرندر سنگھ بیہوش ہوئے تو ان کے منھ سے جھاگ نکل رہا تھا۔ شام تقریباً ساڑھے سات بجے امرندر سنگھ کی موت کی تصدیق ہوئی اور پھر سنگھو بارڈر پر جیسے ہی یہ خبر پہنچی لوگوں نے مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ قابل ذکر ہے کہ یہ دہلی بارڈر پر جاری کسان تحریک کےد رمیان خودکشی کا پہلا واقعہ نہیں ہے، بلکہ اس سے قبل بھی تین افراد نے مودی حکومت کے خلاف خودکشی نوٹ لکھ کر اپنی جان دی ہے۔ تازہ معاملہ میں ابھی تک کوئی خودکشی نوٹ برآمد نہیں ہوا ہے۔

امرندر سنگھ سے قبل غازی پور بارڈر پر کسان کشمیر سنگھ نے پھانسی لگا کر خودکشی کر لی تھی اور امرجیت سنگھ نے ٹیکری بارڈر پر زہر کھا کر زرعی قوانین کے خلاف ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اپنی جان دے دی تھی۔ دہلی بارڈر پر سب سے پہلا خودکشی کا معاملہ 16 دسمبر کو سامنے آیا تھا جب کنڈلی بارڈر پر بابا سنت بابا رام سنگھ نے گولی مار کر خود کو ہلاک کر دیا تھا۔ سَنت بابا رام سنگھ نے جو خودکشی نوٹ لکھا تھا اس میں بتایا تھا کہ وہ کسانوں کی تکلیف دیکھ نہیں پا رہے ہیں اور اس لیے اپنی جان قربان کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔