نگر نگم نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی کلاس روم اور لیب پر بھی لگایا ٹیکس: شافع قدوائی

الٰہ آباد ہائی کورٹ نے مقامی ضلع عدالت کو ہدایت جاری کی ہے کہ بقایہ جات سے متعلق سبھی معاملہ کو 15 روز میں حل کرے تاکہ مسلم یونیورسٹی کے روز مرہ کے کام متاثر نہ ہوں۔

علی گڑھ مسلم یونورسٹی، تصویر ابو ہریرہ
علی گڑھ مسلم یونورسٹی، تصویر ابو ہریرہ
user

ابو ہریرہ

علی گڑھ: علی گڑھ نگر نگم کی جانب سے دو روز قبل مسلم یونیورسٹی کو جاری 14 کروڑ روپئے کے ٹیکس بقائے کی وصولیابی کو لے کر دیئے گئے نوٹس پر ادائیگی کے تعلق سے کوئی چارہ جوئی نہ کیے جانے پر نگر نگم انتظامیہ کی جانب سے مسلم یونیورسٹی کا بینک اکاؤنٹ سیز کر دیا گیا تھا۔ نگر نگم کی اس کارروائی کے خلاف مسلم یونیورسٹی انتظامیہ نے ہائی کورٹ میں مقدمہ داخل کیا، جہاں سے عدالت نے نگر نگم انتظامیہ کی اس کارروائی کو غلط ٹھہراتے ہوئے مسلم یونیورسٹی کے سیز بینک اکاؤنٹ کو فوری طور پر رلیز کیے جانے کے احکامات جاری کیے ہیں، ساتھ ہی مقامی ضلع عدالت کو ھدایت جاری کی ہیں کہ اس پورے معاملہ کو 15 روز میں حل کریں، تاکہ مسلم یونیورسٹی کے روز مرہ کے کام متاثر نہ ہوں۔

دوسری جانب مسلم یونیورسٹی انتظامیہ نے نگر نگم کے ذریعہ کھاتا سیز کیے جانے و بقایا رقم کی وصولیابی کے تعلق سے اٹھائے گئے قدم کو غیر ضروری بتایا ہے۔ نگر نگم کی جانب سے جو 14 کروڑ سے زائد کی رقم کا نوٹس بھیجا گیا ہے اس میں سود کی 8 کروڑ روپئے کی رقم شامل ہے۔ مسلم یونیورسٹی نے اس کی شکایت محکمہ مرکزی وزارت برائے تعلیم و یو جی سی کو بھی ارسال کی ہے۔ میڈیا رپورٹز کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ نے نگر نگم کے ٹیکس اسسمینٹ کو غلط قرار دیا ہے۔


یونیورسٹی ترجمان پروفیسر شافع قدوائی نے بتایا کہ نگر نگم نے جو ٹیکس اسسمینٹ (تخمینہ) کیا ہے وہ یونیورسٹی میں موجود کلاس روم و لیب سمیت ہر بلڈنگ جو تعلیمی سرگرمیوں کے لئے استعمال ہوتی ہیں، سبھی پر ٹیکس لگا دیا جبکہ قانوناَ ان پر کسی بھی طرح کا ٹیکس عائد نیں ہوتا ہے۔ دوسرے یہ کہ نگر نگم نے مسلم یونیورسٹی کی زمین پر اپنے تین ٹیوب ویل لگائے ہوئے ہیں، اس کا 9 کروڑ روپیہ نگر نگم پر ابھی تک بقایا ہے، اس رقم کی ادائیگی کے بجائے علی گڑھ نگر نگم ایک غلط اسسمینٹ کی بناء پر مسلم یونیورسٹی کو نوٹس بھیج رہا ہے، پورا معاملہ مقامی عدالت میں پہلے سے ہی زیر سماعت ہے۔ عدالت کا جو بھی فیصلہ آئے گا، اس کے بعدعدالتی احکامات کی روشنی میں یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔ اس سلسلہ میں نگر نگم کے چیف ٹیکس اسسسمینٹ آفیسر ونئے کمار رائے سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ان سے بات نہیں ہو سکی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔