فیکٹ چیکر محمد زبیر کی دہلی معاملہ میں درخواست ضمانت منظور، جیل سے باہر نہیں آ سکیں گے

دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت نے آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کی درخواست ضمانت 50 ہزار کے مچلکہ پر منظور کی۔ اس معاملہ میں ان پر سال 2018 میں ٹوئٹ کر کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام ہے۔

محمد زبیر، تصویر آئی اے این ایس
محمد زبیر، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: آلٹ نیوز کے شریک بانی اور فیکٹ چیکر محمد زبیر کو دہلی والے معاملہ میں ضمانت مل گئی ہے۔ دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت نے 50 ہزار کے مچلکہ پر ان کی درخواست ضمانت منظور کی۔ اس معاملہ میں ان پر الزام ہے کہ انہوں نے سال 2018 میں ٹوئٹ کر کے ایک طبقہ کے لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی۔ تاہم محمد زبیر جیل سے باہر نہیں آ سکیں گے کیونکہ وہ ہاتھرس معاملہ میں ابھی 27 جولائی تک عدالتی تحویل میں ہیں۔

دریں اثنا، عدالت نے کہا ’’ہندوستانی جمہوریت میں سیاسی جماعتوں کو تنقید کے لئے تیار رہنا چاہئے۔ تنقید بہتر جمہوریت کے لئے انتہائی ضروری ہے۔ محض کسی سیاسی جماعت پر تنقید کی بنا پر دفعہ 153 اے اور 295 اے عائد کرنا مناسب نہیں ہے۔‘‘


محمد زبیر نے سپریم کورٹ سے اتر پردیش پولیس کی جانب سے ان کے خلاف درج چھ ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی درخواست کی ہے کہ معاملوں کی جانچ کے لئے تشکیل دی گئی خصوصی جانچ ٹیم کو واپس لیا جائے۔

خیال رہے کہ ایک مجسٹریٹ عدالت نے معاملہ میں دو جولائی کو ان کی درخواست ضمانت نامنظور کرتے ہوئے انہیں 14 دنوں تک عدالت یتحویل میں بھیجنے کا حکم سنایا تھا۔ مجسٹریٹ نے ملزم کے خلاف عائد الزامات کی نوعیت اور سنگینی کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ معاملہ فی الحال ابتدائی مراحل میں ہے لہذا ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔