بی جے پی کے ’ٹول کِٹ‘ کی طرح کام کر رہا فیس بک، کانگریس کا الزام

کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک بی جے پی کے ٹول کِٹ کی طرح کام کر رہا ہے، بجرنگ دل جیسی تنظیمیں ملک میں نفرت پھیلا رہی ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔

پون کھیڑا، تصویر آئی اے این ایس
پون کھیڑا، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

فیس بک ہندوستان میں بی جے پی کے ’ٹول کِٹ‘ کی طرح کام کر رہا ہے۔ بی جے پی کی نفرت انگیز مشینری نفرت بھری تقریریں، غلط اطلاعات فیس بک کے ذریعہ پھیلا رہی ہے، اس کے باوجود کوئی کارروائی نہیں ہونا فیس بک-بی جے پی اتحاد کی قلعی کھول رہا ہے۔ یہ الزام آج کانگریس نے لگایا۔ کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے دہلی میں کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقد پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’فیس بک اپنے لاکھوں کروڑوں صارفین کی سیکورٹی یقینی کرنے میں ناکام ثابت ہوا ہے، نتیجتاً اس پلیٹ فارم کا استعمال نفرت پھیلانے والی اشیاء کے پھیلاؤ کے لیے کیا جا رہا ہے۔‘‘

کانگریس ترجمان نے کہا کہ ’’فیس بک کی داخلی رپورٹ میں یہ بات سامنے آ چکی تھی کہ بجرنگ دل جیسی بی جے پی کی قریبی تنظیم ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے والی اشیاء پوسٹ کر رہی ہیں۔ اس کے باوجود فیس بک نے بجرنگ دل کو خطرناک تنظیم کے درجہ میں ڈالنے کے باوجود اس پر روک نہیں لگائی کیونکہ اس قدم سے بی جے پی ناراض ہو جاتی۔‘‘ انھوں نے سوال پوچھا کہ فیس بک کیا حکومت ہند کے لیے کام کرتا ہے یا پھر اپنے لاکھوں کروڑوں ہندوستانی صارفین کے لیے مفادات کے لیے؟


پون کھیڑا نے کہا کہ ’’ہندوستان میں فیک نیوز اور نفرت پھیلانے والے مواد کے پھیلاؤ کے لیے بی جے پی فیس بک کو ٹول کِٹ کی طرح استعمال کر رہی ہے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ بی جے پی اس پلیٹ فارم کا استعمال ووٹروں کو ورغلانے اور تشدد پھیلانے کے لیے کر رہی ہے، ان اعمال سے ہمارے ملک کی جمہوریت پر گہرا خطرہ منڈلا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔