مودی کابینہ میں توسیع 7 جولائی کی شام 6 بجے، حلف برداری سے متعلق راشٹرپتی بھون کو کیا گیا مطلع!

اس مرتبہ کابینہ توسیع میں نئے چہروں کی تعداد 30 کے پار بھی جا سکتی ہے، اور کئی چہروں کو الگ الگ اسباب کی بنا پر باہر کا راستہ بھی دکھایا جا سکتا ہے۔

وزیر اعظم مودی / یو این آئی
وزیر اعظم مودی / یو این آئی
user

تنویر

امید کی جا رہی تھی کہ مودی کابینہ میں توسیع کو لے کر 7 جولائی کو میٹنگ ہوگی اور 8 جولائی کو نئے وزراء کا نام سامنے آئے گا، لیکن تازہ ترین خبروں کے مطابق 7 جولائی کی شام 6 بجے ہی مودی کابینہ میں توسیع کا عمل انجام پا جائے گا۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق نوجوان چہروں کو بڑی تعداد میں مودی کابینہ میں شامل کیا جائے گا اور اس طرح منظر عام پر آنے والی کابینہ ہندوستانی تاریخ کی سب سے ’نوجوان کابینہ‘ ہوگی۔

خصوصی ذرائع سے سامنے آ رہی خبروں کے مطابق اس مرتبہ کابینہ توسیع میں نئے چہروں کی تعداد 30 کے پار بھی جا سکتی ہے، اور کئی چہروں کو الگ الگ اسباب کی بنا پر باہر کا راستہ بھی دکھایا جا سکتا ہے۔ اس سے قبل ایسی خبریں سامنے آ رہی تھیں کہ 17 سے 22 وزراء کو کابینہ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ توسیع کے ذریعہ خواتین کی نمائندگی بھی بڑھائی جانے والی ہے۔ پروفیشنل، مینجمنٹ، ایم بی اے، پوسٹ گریجویٹ نوجوانوں کو شامل کیے جانے کا امکان ہے تاکہ کابینہ کو ایک نئی شکل عطا ہو اور جوش کا بھی مظاہرہ ہو۔ بتایا جاتا ہے کہ کابینہ توسیع میں بڑی ریاستوں کو زیادہ شراکت داری دیے جانے کی بھی بات ہو رہی ہے۔ مثلاً بندیل کھنڈ، پوروانچل، مراٹھواڑہ، کونکن جیسے علاقوں سے تعلق رکھنے والے لیڈروں کو کابینہ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔


ذرائع کے مطابق اس بار کابینہ توسیع کے بعد پسماندہ طبقہ کے وزراء کی تعداد 25 ہو جائے گی۔ ایس سی سماج سے آنے والے وزراء کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ تصور کیا جا رہا ہے کہ اس بار مودی حکومت کابینہ میں تقریباً ہر سماج کے لیڈر یا اس سے جڑے کسی نہ کسی شخص کو جگہ دینے کا من بنا چکی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ کابینہ توسیع میں تجربہ کو بھی ترجیح دی جانی ہے۔ اس کے مدنظر مرکز ایسے بیوروکریٹ اور ٹیکنوکریٹ کو بھی کابینہ میں شامل کرے گا جنھیں کافی تجربہ حاصل ہے۔ انھیں کابینہ وزیر سے لے کر ریاستی وزیر تک کا عہدہ دیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ نئے وزراء کی حلف برداری راشٹرپتی بھون کے اشوک ہال میں ہوگی۔ حالانکہ کورونا کے سبب ممکن ہے کہ بے حد کم لوگوں کو ہی پروگرام میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سوشل ڈسٹنسنگ کے ساتھ پورا پروگرام ہوگا اور وزراء کے کنبہ کا صرف ایک ہی رکن حلف برداری تقریب میں شامل ہوگا۔ ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی لائیو‘ کے مطابق حلف برداری تقریب کے لیے راشٹرپتی بھون کو جانکاری دے دی گئی ہے۔ حالانکہ آفیشیل طور پر ابھی تک اس سلسلے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔